ڈاکٹرعلامہ اقبال اُردو جونیئر کالج رسوڑ میں درجہ دوازدہم کے لیے الوداعی تقریب کا اہتمام
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 08, 2026
0
share
واشم (محمد شاکر ہمدرد)مورخہ 7 فروری 2026 بروز سنیچر کالج ہذا کے احمد پٹیل ہال میں بارہویں جماعت کے طلبہ کے اعزاز میں درجہ یازدہم کی جانب سے الوداعی تقریب پُروقار ، پُر سکون ماحول میں منعقد کی گئی۔
کالج کے بانی و صدر محترم عالی جناب الحاج محمد کبیر محسن نے صدارت کے فرائض بحسن وخوبی انجام دیے۔
کالج کے پرنسپل عالی جناب ضمیر احمد خان ،سینئر معلم شیخ ذاکر ، جونیئرلیکچررمحمد شاکر ہمدرد تقریب ہذا میں ان کی بطور مہمانانِ خصوصی شرکت قابل ستائش رہی ۔ اس تقریب کا مقصد طلبہ کو اُن کی تعلیمی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرنا اور اُن کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنا تھا۔ اس تقریب کی نظامت کے فرائض جونئیر کالج کی طالبات گلنار پروین سید ذاکر ،صنوبرفاطمہ شیخ چھمو نے ادا کیے۔ تقریب کا آغازعمیمہ صدیقہ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ ترجمہ مہوش فاطمہ نے پیش کیا۔ بعد ازاں ڈائز پرجلوہ افروز شخصیات اول الذکر صدرذی وقار محترم عالی جناب محمد کبیر محسن صاحب ، پرنسپل عالی جناب ضمیراحمد خان ،سینئر معلم محد ذاکر ، محمد شاکر ہمدرد کا طلبہ کے ہاتھوں گل دستہ پیش کرکے خیر مقدم کیا گیا ۔ رہنمایانہ کلمات میں مہمانانِ خصوصی میں پرنسپل عالی جناب ضمیر احمد خان نے اور جونیئر لیکچرر محمد دانش احمدنے طلبہ کو محنت، صبر، نظم و ضبط اور اخلاقی اقدار کو اپنانے کی تلقین کی۔طالبات میں کنیز فاطمہ مصطفٰی خان گلنار پروین سید ذاکر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ اور ادارے کا شکریہ ادا کیا اور اس گزرے ہوئے پُر لطف اوقات کو اپنی زندگی کا یادگار دور قرار دیا۔ مشفق اساتذہ کی تدریس کے دوران گاہے بگاہے رہنمائی کو بھی یاد کیا۔ بعد ازاں صدارتی خطبے میں صدرذی وقار الحاج محمد کبیر محسن صاحب نے کالج کے اسٹاف کی محنتوں کو سراہا اورطلبہ کو شاہین ، عقاب ، جیسی صفات کواپنے اندر پیدا کرنے کے لیے علامہ اقبال کی شاعری کو پڑھنے اور سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا اور درجہ دوازدهم کے بورڈ امتحان میں نمایاں نمبرات سے کامیاب ہونےاور روشن مسقبل کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رسم شُکریہ جونیئر لیکچرر ابوالاعلیٰ نے ادا کرتے ہوئے صدر ذی وقار ، مہمانانِ خصوصی کا اور تقریب کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ طلبہ کی فرمائش پر اختتامی اشعار روایتوں کی صفیں توڑ کر بڑھو ورنہ جو تم سے آگے ہے وہ راستہ نہیں دیں گے شاعر راحت اندوری ترقیوں کی دوڑ میں اسی کا زور چل گیا بنا کے اپنا راستہ جو بھیڑ سے نکل گیا شاعر نعیم اختر پڑھ کر تمام شرکاء کو محظوظ ہونے کا موقع فراہم کیا بعد ازاں اس الوداعی تقریب کے شرکاءخوش ذائقہ کھانوں سے لطف اندوز ہوئے ۔ شرکاء میں استاذ محترم محمد صادق ، شیخ نصیر احمد ،محسن شیخ ، معین رضا ،رضوان شیخ ، جویریہ ثمرین میڈیم ، جونیئر لیکچرر میں حمیرا مہیوش ، شیخ سمیر ، ذاکر الدین قاضی، غیر تدریسی عملہ میں شیخ امداد ، قیصرخان تمام کی شرکت نےاس تقریب کو حُسن بخشا۔یقیناًیہ الوداعی تقریب تمام شرکاء کے دلوں میں خوشگوار یادیں چھوڑ گئی اور ایک کامیاب و بامقصد تقریب ثابت ہوئی۔