ضلع بلڈانہ کے معلمِ باوقار افضل حسین لوکمت گورو ایوارڈ کے حقدار اردو تعلیم کے فروغ پر نمایاں خدمات کا اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 06, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) تعلیم کے میدان میں خلوص، لگن اور مسلسل محنت کے ذریعے اپنی منفرد شناخت قائم کرنے والے ضلع بلڈانہ کے ممتاز استاد افضل حسین منور بیگ کو لوکمت گورو ایوارڈ سے نوازا جانا اردو تعلیمی حلقوں کے لیے باعثِ مسرت و افتخار ہے۔
لوکمت کی جانب سے منعقدہ ’آکولہ– واشم– بلڈانہ گورو ایوارڈ سیزن 2‘‘ کی شاندار تقریب شہر کے معروف ہوٹل ڈی ایس امپیریل میں منعقد ہوئی، جہاں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔ اسی تقریب میں ضلع پریشد اردو مڈل اسکول، پیپل گاؤں کالے، تعلقہ جلگاؤں جامود سے وابستہ محنتی اور فرض شناس معلم افضل حسین سر کو ان کی طویل اور مخلصانہ تعلیمی خدمات کے اعتراف میں لوکمت گورو ایوارڈ عطا کیا گیا۔ انہوں نے برسوں سے اردو ذریعۂ تعلیم کے فروغ، دیہی طلبہ کی تعلیمی بہتری اور اخلاقی تربیت کو اپنی تدریسی زندگی کا محور بنائے رکھا ہے۔ افضل حسین سر کا شمار ان اساتذہ میں ہوتا ہے جو تدریس کو محض پیشہ نہیں بلکہ مشن سمجھتے ہیں۔ ان کا طلبہ مرکز تدریسی انداز، سادہ فہم اسلوب اور خلوص پر مبنی رہنمائی طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین اور تعلیمی ماہرین میں بھی بے حد مقبول ہے۔ دیہی علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے ان کی جدوجہد قابلِ تقلید سمجھی جاتی ہے۔ ایوارڈ قبول کرتے وقت افضل حسین سر نے اس اعزاز کو اپنے اساتذہ کی رہنمائی، والدین کی دعاؤں اور طلبہ کے تعاون کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انہیں مزید ذمہ داری اور اخلاص کے ساتھ خدمتِ تعلیم انجام دینے کی ترغیب دیتا ہے۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی معروف مراٹھی فلم اداکارہ وینا جگتاپ نے اپنے خطاب میں اساتذہ کے کردار کو سماج کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ معلمین کی خدمات کا اعتراف معاشرے کی فکری ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ ایسے اعزازات نہ صرف حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ سماجی ذمہ داریوں کے احساس کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ اس موقع پر لوکمت آکولہ ایڈیشن کے ایگزیکٹو ایڈیٹر روی ٹالے، یونٹ ہیڈ آلوک کمار شرما اور نیوز انچارج ارون کمار سنہا بھی موجود تھے، جبکہ پروگرام کی نظامت نرالی پنچگم نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔ افضل حسین سر کو ملنے والا یہ اعزاز نہ صرف ضلع بلڈانہ بلکہ پوری اردو تعلیمی برادری کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اساتذہ، طلبہ، والدین اور اہلِ علاقہ نے اس کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے دیگر معلمین کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا ہے۔