کھام گاؤں (واثق نوید) نگر پریشد اردو میڈیم ہائی اسکول (سورجی برانچ) کے انچارج مدرس روشن ضمیر عبدالغفار قریشی کو “ریاستی سطح کے مثالی مدرس ایوارڈ 2025” سے سرفراز کیا گیا۔
یہ باوقار اعزاز 29 مارچ 2026 کو پونے میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔ ایوارڈ دھہے ایجوکیشن فاؤنڈیشن، مہاراشٹر کے زیرِ اہتمام منعقدہ “ایجوکیشن آئیکونز سمٹ-2026” کے موقع پر دیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، ماہرینِ تعلیم اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
روشن ضمیر قریشی کو ان کی مخلصانہ تدریسی خدمات، طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مسلسل کاوشوں اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں اس اعزاز سے نوازا گیا۔ بالخصوص ان کے یوٹیوب چینل “E4U Activities English Subject’s” کے ذریعے انگریزی مضمون کی تدریس اور اساتذہ کے لیے تیار کردہ مفید ویڈیوز کو بھی بے حد سراہا گیا۔ واضح رہے کہ روشن ضمیر قریشی اس سے قبل بھی متعدد اعزازات حاصل کرچکے ہیں، جن میں ریاستی سطح کا مثالی مدرس ایوارڈ اور مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کا مثالی مدرس ایوارڈ (2020) قابلِ ذکر ہیں۔ روشن ضمیر قریشی کی اس نمایاں کامیابی پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر سنیل چوپڑے، اساتذہ و عملہ اور شہر کی مختلف معزز شخصیات بشمول ہارون علی، الحاج منان سیٹھ قریشی، صدیق سیٹھ قریشی، ادریس سیٹھ قریشی، شفیع سیٹھ قریشی، راجو سیٹھ قریشی، ڈاکٹر معین رضا، ڈاکٹر دانش قریشی، احتشام نبیل قریشی، افتخار قریشی، طارق قریشی، عادل ماسٹر، شیخ انصار سر، عارف سر اور رضوان شیخ سر نے دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس اعزاز سے نہ صرف ادارہ بلکہ پورے علاقے کا نام روشن ہوا ہے۔ اس موقع پر روشن ضمیر قریشی نے دھہے ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ انہیں آئندہ مزید محنت اور خلوص کے ساتھ تعلیمی خدمات انجام دینے کی تحریک فراہم کرے گا۔