مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی مؤثر قیادت رنگ لائی، امراوتی ڈویژن میں اردو کیندر کی ازسرِنو تشکیل کی راہ ہموار تنظیم کی کامیاب نمائندگی پر کمشنر آفس متحرک، تمام اضلاع کو فوری کارروائی کی ہدایت
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 28, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی منظم، مؤثر اور مسلسل جدوجہد آخرکار کامیابی سے ہمکنار ہوئی، جس کے نتیجے میں امراوتی ڈویژن میں اردو کیندر کی ازسرِنو تشکیل کے سلسلے میں ڈویژنل کمشنر آفس نے اہم اور فوری ہدایات جاری کردی ہیں۔
اس پیش رفت کو اردو میڈیم اسکولوں کے تعلیمی معیار کی بہتری کی سمت ایک نہایت اہم اور خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، حکومتِ مہاراشٹر کے 1 دسمبر 2022 کے حکومتی فیصلے میں اردو میڈیم اسکولوں کی تعداد کے لحاظ سے اردو کیندر قائم کرنے اور ان کے ذریعے تعلیمی نگرانی و معیار کو بہتر بنانے کے واضح احکامات جاری کیے گئے تھے، تاہم افسوسناک طور پر کئی اضلاع میں اس پر مؤثر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔
اسی اہم مسئلہ کو سنجیدگی سے اٹھاتے ہوئے مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے امراوتی ڈویژن کے علاقائی سیکریٹری ناظم ریتھپوری نے اپنے رفقا کے ہمراہ ڈویژنل کمشنر سے ملاقات کی اور ایک جامع میمورنڈم پیش کرتے ہوئے اردو اسکولوں کے مفاد میں فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کی یہی فعال، دوراندیش اور نتیجہ خیز قیادت اب ثمر آور ثابت ہوئی ہے۔
موصولہ سرکاری مکتوب میں واضح طور پر امراوتی، اکولہ، ایوت محل، واشم اور بلڈھانہ کے ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اردو میڈیم اسکولوں کی موجودہ تعداد، ان کی کارکردگی اور مقامی ضروریات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے اردو کیندر کی ازسرِنو تنظیم کے تعلق سے فوری اور ضروری کارروائی انجام دیں۔ مکتوب میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ ماضی میں اس جانب خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی، جس کے باعث اردو اسکولوں کے تعلیمی نظم و نسق پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ اب اپر کمشنر (ترقیات) امراوتی ڈویژن کی جانب سے جاری تازہ احکامات نے امید کی ایک نئی کرن پیدا کردی ہے کہ اردو اسکولوں کو ان کا جائز تعلیمی و انتظامی حق مل سکے گا۔ تعلیمی حلقوں میں مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی اس کامیاب نمائندگی اور مضبوط قیادت کو زبردست سراہا جا رہا ہے۔ ماہرینِ تعلیم کا ماننا ہے کہ اگر اسی سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ تنظیم اردو تعلیم کے مسائل اٹھاتی رہی تو مستقبل میں اردو میڈیم اسکولوں کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ یہ احکامات اپر کمشنر (ترقیات) امراوتی ڈویژن کی جانب سے 25 مارچ 2026 کو ڈیجیٹل دستخط کے ساتھ جاری کیے گئے، جس سے تنظیم کی کوششوں کی کامیابی پر مہر ثبت ہوگئی۔