بدنیرا بھولجی ، محمد ابرارالحق فاروقی کو پُروقار وداعیہ 34 سالہ شاندار تعلیمی خدمات کا اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 06, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) محمد حنیف اردو ہائی اسکول و ڈاکٹر این اے خان جونیئر کالج، بدنیرا بھولجی کے پرنسپل محمد ابرارالحق فاروقی کی 34 سالہ مثالی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں منگل، 4 اگست کو ایک پُروقار وداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
واضح رہے کہ وہ 31 جولائی 2026 کو ملازمت سے سبکدوش ہوئے۔
تقریب کی صدارت الحاج نعیم الدین نے کی، جبکہ نو منتخب صدر نافع افضال خان، نو منتخب پرنسپل عامر خان، سوسائٹی کے اراکین، اساتذہ، طلبہ اور سابق صدر مدرس قاضی ضیاء الدین و سابق سپروائزر افروز علی خان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اپنے خطاب میں مقررین نے محمد ابرارالحق فاروقی کی دیانت داری، نظم و نسق، وقت کی پابندی، طلبہ دوستی اور ادارے کی ترقی کے لیے انجام دی گئی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ ان کی قیادت میں ادارے نے نمایاں ترقی کی، جبکہ مولانا آزاد فاؤنڈیشن کی مالی اعانت سے دو منزلہ عمارت کی تعمیر بھی ان کی اہم کامیابیوں میں شامل ہے۔
محمد ابرارالحق فاروقی نے 1992 میں تدریسی خدمات کا آغاز کیا اور 1999 میں صدر مدرس مقرر ہوئے۔ تقریباً 27 برس تک بحیثیت سربراہ ادارے کی کامیاب قیادت کرتے ہوئے انہوں نے تعلیمی معیار، شفاف مالی نظم اور طلبہ کی فلاح کو ہمیشہ ترجیح دی۔
ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 2009 میں دہلی میں نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
اپنے وداعی خطاب میں محمد ابرارالحق فاروقی نے اپنے والدین، ادارے کے بانیان، سابق ذمہ داران، سوسائٹی اور تمام اساتذہ و عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل، والدین کی دعاؤں اور ساتھیوں کے بھرپور تعاون کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ آئندہ بھی ترقی کی نئی منزلیں طے کرتا رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر محمد ابرارالحق فاروقی کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے، جبکہ پروگرام کی نظامت معلمہ صباحت فردوس نے نہایت خوبصورت انداز میں انجام دی۔