کھام گاؤں، سیرت النبیؐ کوئز کے انعامات کی شاندار تقریب
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 09, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) جماعت اسلامی کھام گاؤں کے زیرِ اہتمام 6 ستمبر کو کمیونٹی سینٹر میں سیرت النبیؐ کے عنوان سے منعقدہ تحریری کوئز کے کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات، ٹرافیز اور اسناد تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
29 اگست کو منعقدہ اس کوئز میں مختلف اسکولوں کے تقریباً 680 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
مقابلہ دو گروپس میں ہوا، جس میں ہر گروپ کے اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو بالترتیب 5 ہزار، 3 ہزار اور 2 ہزار روپے نقد انعام، شیلڈ اور سرٹیفکیٹ دیے گئے، جبکہ تمام شرکاء کو اسناد اور دیگر طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ترغیبی انعامات بھی دیے گئے۔
گروپ اول میں انجمن ہائی اسکول کی صبرینہ فاطمہ سہیل فرقان نے 92 نمبر حاصل کرکے اول، عائشہ انعم محمد اکبر نے 78 نمبر کے ساتھ دوم اور اقراء فاطمہ شیخ خورشید نے 74 نمبر کے ساتھ سوم مقام حاصل کیا۔
دوسرے گروپ میں تنزہلہ نشاط محمد اظہارالحق اور ایمن فردوس محمد اکبر نے 90،90 نمبر حاصل کرکے مشترکہ اول مقام حاصل کیا، جبکہ اقراء محمد فاروق اور عمر محمد تنویر احمد نے 88،88 نمبر حاصل کرکے دوم مقام حاصل کیا۔
تقریب میں مفتی ضمیر سراجی، محمد سہیل فرقان، ظفر عبید انصاری، احفاظ الحق خان، اسد اللہ خان اور سینئر صحافی محمد فاروق سمیت دیگر معززین شریک ہوئے۔ مفتی ضمیر سراجی نے اپنے کلیدی خطاب میں سیرت النبیؐ کے مطالعے اور اس پر عمل کو دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ قرار دیا۔
تقریب کا آغاز عمر احمد تنویر احمد کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا۔ نظامت سلیم اختر سر اور محمد اظہارالحق فاروقی نے کی، جبکہ رئیس بیگ نے اظہارِ تشکر کیا۔ پروگرام کا اختتام مفتی ضمیر سراجی کی دعا سے ہوا، بعد ازاں شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ کوئز کی کامیابی میں عارف زبیر انصاری، ان کے معاونین، جماعت اسلامی کے ذمہ داران، کارکنان، حلقہ خواتین، ایس آئی او اور جی آئی او کے اراکین نے اہم کردار ادا کیا۔