چکھلی: ختمِ نبوت کوئز میں کرم انگلش اسکول کے طلبہ کی نمایاں کارکردگی فائنل مقابلہ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابری پر ختم، دونوں ٹیموں میں انعامات کی مساوی تقسیم
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 09, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) جمعیۃ العلماء (ارشد مدنی)، چکھلی کے زیرِ اہتمام اور فیض حامد اکیڈمی، چکھلی کے زیرِ انتظام منعقدہ ”ختمِ نبوت کوئز“ میں کرم انگلش اسکول کے طلبہ نے شاندار علمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی اور فائنل مقابلے میں بھی اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھا۔ کوئز میں مختلف اسکولوں کی ٹیموں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
سیمی فائنل مرحلے میں چار ٹیموں نے جگہ بنائی، جن میں حضرت عمر فاروقؓ ٹیم (کرم انگلش اسکول)، حضرت علیؓ ٹیم (ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول)، حضرت رقیہؓ ٹیم (راجہ بھاؤ بونڈرے اسکول) اور مولانا ابوالکلام آزاد ٹیم (ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول) شامل تھیں۔ سخت مقابلے کے بعد حضرت عمر فاروقؓ ٹیم اور مولانا ابوالکلام آزاد ٹیم نے فائنل میں جگہ بنائی۔
فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ، سنسنی خیز اور کانٹے دار رہا۔ دونوں ٹیموں نے دینی معلومات، حاضر جوابی، اعتماد اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ مقابلے کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے اسکور برابر رہے، جس کے باعث منتظمین نے انعامات دونوں ٹیموں میں مساوی طور پر تقسیم کیے۔
اس طرح فائنل کا برابری پر اختتام دونوں ٹیموں کی غیر معمولی کارکردگی کا خوب صورت اعتراف ثابت ہوا۔ کرم انگلش اسکول کی حضرت عمر فاروقؓ ٹیم کی قیادت دسویں جماعت کی طالبہ انم تحریم شیخ آصف نے کی، جبکہ ٹیم کے دیگر ارکان میں مہرین خانم مدثر علی خان، انشرا انجم شیخ ناظم، عالیہ پروین شیخ مبین، راحت انجم شیخ عتیق اور آشنا سمن شیخ صادق شامل تھیں۔ تمام طلبہ دسویں جماعت کے ہیں۔
کرم انگلش اسکول کے طلبہ کی اس کامیابی کو ادارے میں جاری عصری تعلیم کے ساتھ دینی و اخلاقی تربیت کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اسکول میں طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو پروان چڑھانے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ طلبہ کو عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم سے بھی روشناس کرایا جاتا ہے۔
خصوصاً 12 سے 16 سال کی عمر کے طلبہ نے سیرتِ رسول اکرم ﷺ سے متعلق متعدد کتابوں کا مطالعہ کیا ہے، جس سے ان میں دینی معلومات اور سیرتِ نبوی ﷺ سے شغف پیدا ہوا ہے۔ ادارے میں طلبہ کے لیے روزانہ نمازِ ظہر کی ادائیگی کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔
ختمِ نبوت کوئز کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں دینی معلومات، سیرتِ رسول اکرم ﷺ اور اسلامی عقائد سے آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ علمی مقابلے، مطالعے اور مثبت مسابقت کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
کرم انگلش اسکول کے طلبہ کی فائنل تک رسائی اور برابری کی بنیاد پر نمایاں کارکردگی پر اساتذہ، والدین اور منتظمین نے ٹیم کے تمام ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔