لال کھیڑی کی میونسپل اردو اسکول نمبر ۱۲ کو ’میونسپل سطح کا مثالی اسکول ایوارڈ‘ مسابقتی امتحانات میں نمایاں کامیابی، طلبہ کی بڑھتی تعداد اور مختلف اختراعی سرگرمیوں کا اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 11, 2026
0
share
امراوتی (واثق نوید)امراوتی میونسپل کارپوریشن کے شعبۂ تعلیم کی جانب سے سال 2026 کے لیے دیے جانے والے باوقار ’میونسپل سطح مثالی اسکول ایوارڈ‘ کے لیے لال کھیڑی کی میونسپل اردو اسکول نمبر 12 کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اسکول کی جانب سے معیاری تعلیم، مختلف مسابقتی و اسکالرشپ امتحانات میں نمایاں کامیابی، طلبہ کی بڑھتی تعداد اور متعدد اختراعی تعلیمی سرگرمیوں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔
پرنسپل عبدالتفضل کی رہنمائی میں اسکول کے اساتذہ محمد شاہد، مظفر احمد، محمد سلمان، قمر بیگ، محمد ناظم، محمد اعجاز، شگفتہ یاسمین، عاصمہ پروین، آفتاب احمد، صالحہ فردوس، نازیہ پروین، فرزانہ پروین، مدحت نساء اور کوثر پروین ریاض نے تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
ان کوششوں کے نتیجے میں اسکول میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد بڑھ کر 400 سے زائد ہوگئی ہے۔ اسکول کے طلبہ نے مختلف مسابقتی امتحانات اور سرکاری اسکالرشپ امتحانات میں بھی قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اساتذہ کی جانب سے طلبہ کو باقاعدہ رہنمائی اور اضافی تدریسی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اسکول میں سائنس نمائش، زبان و سائنس سے متعلق سرگرمیوں، ’ماجھا پالک میرا اسکول‘ اور دیگر اختراعی پروگراموں کے ذریعے والدین اور مقامی انتظامیہ کی شرکت کو بھی یقینی بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اسکول کی مجموعی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔
اس اعزاز پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کے شعبۂ تعلیم، اسکول مینجمنٹ کمیٹی (SMC)، والدین، مقامی عوامی نمائندوں اور تعاون کرنے والے تمام شہریوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اسکول کے پرنسپل عبدالتفضل نے کہا کہ یہ ایوارڈ اسکول کے تمام اساتذہ، طلبہ، والدین اور میونسپل انتظامیہ کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے اور اس کامیابی سے ہماری ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔
تعلیمی کمیٹی کی چیئرپرسن ایڈووکیٹ شیتل راؤ رانے اور دیگر اراکین کی رہنمائی، جبکہ میونسپل انتظامیہ کے افسران کی جانب سے حاصل ہونے والے تعاون کو بھی اسکول کی اس کامیابی میں اہم قرار دیا گیا۔
میونسپل کارپوریشن کے افسران، شعبۂ تعلیم کے عہدیداران اور لال کھیڑی کے شہریوں نے اسکول کے پرنسپل، اساتذہ اور طلبہ کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں مزید نمایاں کارکردگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔