کھام گاؤں، نمازِ استسقاء کے دوران رحمتِ باراں کا نزول دعا کے وقت بارش برسنے پر ہزاروں اہلِ ایمان کی آنکھیں اشک بار، فضا حمد و ثناء سے گونج اٹھی
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 12, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)کھام گاؤں شہر اور اطراف میں گزشتہ تقریباً دو ماہ سے بارش کا سلسلہ رکا ہوا تھا، جس کے باعث کھیتی باڑی متاثر ہونے لگی تھی۔
بارش پر منحصر کاشتکاروں سمیت دیگر افراد بھی شدید تشویش میں مبتلا تھے اور رحمتِ الٰہی کے منتظر تھے۔ اس صورتِ حال کے پیشِ نظر شہر کے علمائے کرام، حفاظِ کرام اور مفتیانِ عظام نے باہمی مشورے سے سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق نمازِ استسقاء ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسی سلسلے میں جمعہ 11 ستمبر کو سہ پہر 3 بجے سجن پوری عیدگاہ میں نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں مسلمان شریک ہوئے۔
شرکائے نماز نے بارگاہِ الٰہی میں عاجزی و انکساری کے ساتھ اپنے گناہوں پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے رحمت اور بارانِ رحمت کی دعا کی۔ نمازِ استسقاء کے بعد دعا کے دوران اچانک آسمان سے رحمتِ باراں برسنے لگی۔ بارش کے نزول کا منظر دیکھ کر حاضرین جذبات سے سرشار ہوگئے اور کئی اہلِ ایمان کی آنکھوں سے خوشی و شکر کے آنسو جاری ہوگئے۔ بارش میں بھیگتے ہوئے مجمع نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء بیان کی اور اس کی رحمت کا شکر ادا کیا۔ ایک طرف طویل عرصے سے بارش کے منتظر شہر اور اطراف کے لوگوں کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی، تو دوسری جانب نمازِ استسقاء، دعا اور اسی دوران بارانِ رحمت کے نزول نے ماحول کو عقیدت، بندگی، عاجزی اور شکرگزاری کی کیفیت سے معمور کردیا۔ نمازِ استسقاء کے موقع پر بڑی تعداد میں مسلمانوں کی شرکت اور دعا کے دوران بارش کے نزول کا یہ منظر شہر میں موضوعِ گفتگو بن گیا، جبکہ مقامی میڈیا نے بھی اس روحانی منظر اور بارانِ رحمت کی خبر کو نمایاں طور پر پیش کیا۔