پونہ ، انجمن اسلام ولی محمداینڈ دوست محمد پیر محمد اردو پرائمری اسکول کی صدر معلمہ نازیہ ذاکر شیخ اردو تعلیم و تربیت کا ایک درخشاں ستارہ "تعلیم، قیادت اور خدمت کا روشن سفر"
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 13, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) تعلیم محض معلومات کی منتقلی کا نام نہیں بلکہ یہ کردار سازی، فکری بالیدگی اور مہذب معاشرے کی تشکیل کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔
جب کسی معلم میں علم کی گہرائی، کردار کی پختگی، قیادت کی بصیرت اور خدمتِ خلق کا جذبہ یکجا ہو جائے تو وہ صرف ایک استاد نہیں رہتا بلکہ ایک ادارہ، ایک تحریک اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن جاتا ہے۔
ایسی ہی ممتاز اور باوقار شخصیت نازیہ ذاکر شیخ ہیں، جنہوں نے اپنی علمی صلاحیت، انتھک محنت، انتظامی بصیرت اور بے لوث خدمات کے ذریعے اردو تعلیم کے افق پر ایک روشن اور تابندہ مقام حاصل کیا ہے۔
آپ کا تقریباً پچیس سالہ تدریسی سفر علم، اخلاص، مسلسل جدوجہد اور بہترین قیادت کی ایک کامیاب داستان ہے۔ بائیس برس معاون معلمہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد گزشتہ ساڑھے تین برس سے آپ انجمن اسلام ولی محمد اینڈ دوست محمد پیر محمد اردو پرائمری اسکول میں صدر معلمہ کے منصب پر فائز ہیں اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ادارے کو مسلسل ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچا رہی ہیں۔
آپ نے مسلسل سیکھنے، خود کو بہتر بنانے اور تعلیمی قیادت کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کو اپنی زندگی کا شعار بنایا۔ تعلیم و تربیت کے میدان میں آپ کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں آپ کو چار مرتبہ مثالی معلمہ ایوارڈ اور دو مرتبہ مثالی صدر معلمہ ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔
اس کے علاوہ ضلعی سطح پر اساتذہ کے مضمون نویسی مقابلے میں اول مقام حاصل کرکے آپ نے اپنی علمی، تحقیقی اور ادبی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت پیش کیا۔ نازیہ ذاکر شیخ کی انتظامی بصیرت اور مؤثر قیادت کے نتیجے میں آپ کے زیرِ انتظام اسکول نے مسلسل کامیابیاں حاصل کیں۔
ادارے کو ریاستی سطح پر دو نمایاں اعزازات حاصل ہوئے، جبکہ اسکول کا ریاستِ مہاراشٹر کے سو بہترین اسکولوں میں شمار ہونا کسی بھی تعلیمی ادارے کے لیے قابلِ فخر کامیابی ہے۔
اسی طرح اسکول نے "ماجھی اپکرم شیل شالہ" ضلعی ایوارڈ اپنے نام کیا۔ طلبہ نے مونو ایکٹنگ، فینسی ڈریس، ممکری، جنرل نالج، فنونِ لطیفہ اور دیگر مختلف تعلیمی و ثقافتی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرکے ادارے کا نام روشن کیا، جبکہ اساتذہ نے بھی آپ کی رہنمائی میں مختلف مقابلوں میں توصیفی اسناد اور اعزازات حاصل کیے۔
اردو زبان و ادب کی ترویج اور نصابی ترقی کے حوالے سے آپ کی خدمات نہایت قابلِ قدر ہیں۔ گزشتہ چار برس سے آپ بال بھارتی، پونہ کی مختلف علمی و تربیتی ورکشاپس سے وابستہ ہیں، جبکہ مسلسل تین برس سے اردو لسانی کمیٹی، بال بھارتی کی فعال رکن کی حیثیت سے نئی نسل کے لیے معیاری درسی کتب کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
نئی قومی تعلیمی پالیسی (NEP-2020) کے تحت تیار کردہ ادارہ بال بھارتی کی جماعت اول تا چہارم کی اردو زبان دانی کی درسی کتب کی ترتیب، تدوین، لسانی اصلاح، مواد کے انتخاب اور نصابی افادیت کو بہتر بنانے میں آپ کی علمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
مزید برآں، جماعت سوم کی جغرافیہ (ضلع پونہ) کی کتاب میں آپ کا نام مترجم کے طور پر شامل کیا جانا اس امر کا واضح اعتراف ہے کہ آپ کی لسانی مہارت اور علمی بصیرت کو ریاستی سطح پر قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
یہ اعزاز صرف نازیہ ذاکر شیخ کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ضلع پونہ، اردو زبان، اردو اساتذہ اور پوری اردو برادری کے لیے باعثِ مسرت و افتخار ہے۔ یقیناً یہ کامیابی آنے والی نسل کے معلمین اور اہلِ قلم کے لیے حوصلہ افزا مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔
عصری تعلیم کے میدان میں بھی آپ ہمیشہ پیش پیش رہی ہیں۔ آپ جدید ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال پر یقین رکھتی ہیں اور ایک ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ معلمہ (Tech-Savvy Teacher) کے طور پر اپنی منفرد شناخت رکھتی ہیں۔
"مکتبِ ہند" کے نام سے قائم اپنے تعلیمی یوٹیوب چینل کے ذریعے آپ نرسری سے جماعت دہم تک کے طلبہ کے لیے معیاری تعلیمی ویڈیوز تیار کرتی ہیں، جن سے ہزاروں طلبہ اور اساتذہ یکساں طور پر استفادہ کر رہے ہیں۔
آپ کا تعلیمی وژن صرف نصابی کامیابی تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں علم کے ساتھ کردار، اخلاق، نظم و ضبط، احترامِ انسانیت، حب الوطنی، تحقیق، تخلیقی صلاحیت اور جدید سائنسی فکر کو بھی یکساں اہمیت حاصل ہو۔
آپ ہمیشہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، ای-لائبریری، انٹریکٹو کلاس رومز، جدید تدریسی وسائل اور بچوں کی ہمہ جہت شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دیتی ہیں تاکہ طلبہ مستقبل کے باوقار، باشعور اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔
اردو لسانی کمیٹی بال بھارتی میں موصوفہ کو اپنی خدمات انجام دینے کے لیے ادارہ انجمن اسلام کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی، ادارے کے دیگر اراکین، ایگزیکٹو چئیرمین حسیب فقہی ، اسکول مینجمنٹ کمیٹی کی صدر شاہدہ سید ،اسکول کمیٹی کے دیگر ممبران نے مبارکباد پیش کیں۔اور اپنی قیمتی دعاؤں سے نوازا۔