اٹالی ، مجتبیٰ احمد کا گورنمنٹ میڈیکل کالج اکولہ میں انتخاب، ضلع پریشد اردو اسکول میں شاندار استقبال مادری زبان میں ابتدائی تعلیم کامیابی کی مضبوط بنیاد، ضلع پریشد اسکولوں کا معیار بھی قابلِ ستائش
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 12, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں تحصیل کے اٹالی قصبے کے رہائشی شیخ جمیل کے فرزند مجتبیٰ احمد نے امسال منعقدہ NEET امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 532 نمبرات حاصل کیے اور گورنمنٹ میڈیکل کالج، اکولہ میں داخلے کے لیے منتخب ہوکر اپنے خاندان، اساتذہ اور پورے گاؤں کا نام روشن کیا۔
مجتبیٰ احمد نے اپنی ابتدائی تعلیم ضلع پریشد اردو مڈل اسکول، اٹالی سے حاصل کی ہے۔ مجتبیٰ احمد کی اس نمایاں کامیابی پر ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی میں ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت اسکول کے صدر مدرس واثق اللہ خان نے کی۔
شیخ ندیم سر نے ابتدائی کلمات پیش کرتے ہوئے مجتبیٰ احمد کی تعلیمی جدوجہد، ابتدائی تربیت اور کامیابی میں اسکول کے اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ۔اس موقع پر اسکول کے اساتذہ اور طلباء کی جانب سے مجتبیٰ احمد کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں مستقبل کی تعلیمی زندگی کے لیے نیک خواہشات پیش کی گئیں۔ صدارتی خطاب میں واثق اللہ خان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور مسابقتی امتحانات میں کامیابی کی بنیاد مضبوط ابتدائی تعلیم پر قائم ہوتی ہے، اور بچے کو ابتدائی تعلیم اپنی مادری زبان میں حاصل ہو تو وہ تصورات کو زیادہ آسانی اور گہرائی سے سمجھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجتبیٰ احمد کی کامیابی اس بات کی روشن مثال ہے کہ اردو میڈیم اور ضلع پریشد اسکولوں کے طلبہ بھی مناسب رہنمائی، محنت اور حوصلہ افزائی کے ذریعے NEET جیسے قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع پریشد اسکولوں کے اساتذہ محدود وسائل کے باوجود طلبہ کی تعلیمی بنیاد مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مجتبیٰ احمد جیسے طلبہ کی کامیابیاں ان اسکولوں کے تعلیمی معیار، اساتذہ کی محنت اور مادری زبان میں دی جانے والی ابتدائی تعلیم کی افادیت کا عملی ثبوت ہیں۔ نظامت کے فرائض ثاقب اعزاز نے خوبصورت انداز میں انجام دیے، جبکہ اظہارِ تشکر شیخ متین نے پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر صاحبِ اعزاز مجتبیٰ احمد نے اپنے خطاب میں اپنی ابتدائی تعلیم اور تعلیمی سفر کا ذکر کرتے ہوئے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی کے اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی کامیابی میں ابتدائی تعلیم کے دوران اساتذہ کی تربیت اور رہنمائی کا اہم حصہ ہے۔ مجتبیٰ احمد کی کامیابی کو اٹالی کے ساتھ ساتھ اردو میڈیم اور ضلع پریشد اسکولوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا اور قابلِ فخر مثال قرار دیا جا رہا ہے۔