”زمانے کے غلام نہیں، امام بنیں“ مولانا عمرین محفوظ رحمانی کا منصورہ انجینئرنگ کالج میں طلبہ سے خطاب تعلیم کے ساتھ اخلاق و کردار سازی بھی ضروری: مولانا ارشد مختار(جامعہ محمدیہ)
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 12, 2026
0
share
مالیگاؤں (پریس ریلیز) ریاست مہاراشٹر کے اقلیتی شہر مالیگاؤں میں واقع جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی المعروف منصورہ کیمپس کے زیرِ اہتمام مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں سالِ اول ڈگری و ڈپلومہ کے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کے لیے شاندار انڈکشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام میں مولانا عمرین محفوظ رحمانی(جنرل سیکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ )نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے فکر انگیز خطاب کیا۔
مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”زمانے کے غلام نہیں بلکہ امام بنیں “انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کامیابی کے لیے معیاری تعلیم کے ساتھ جدید سائنس، تحقیق اور مصنوعی ذہانت (AI) کے الگورتھمز کو سمجھنا اور ان کا درست اور مؤثر استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے منصورہ کیمپس میں معیاری تعلیم اوردینی و عصری جدید تعلیمی ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقلیتی ادارے کو دیکھ کر خوشی، اطمینان اور امید پیدا ہوتی ہے جو طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ انہیں مستقبل کے لیے تیار کر رہا ہے۔
اس موقع پر جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی کے معزز چیئرمین جناب ارشد مختار صاحب نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصل کامیابی صرف تعلیمی اسناد یا پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے میں نہیں بلکہ اچھے کردار اور اعلیٰ اخلاق میں بھی مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ، میڈیکل، فارمیسی یا کسی بھی شعبے میں کامیابی کے لیے تعلیم و تربیت کے ساتھ دیانت داری، ذمہ داری اور اخلاقی اقدار کو اپنانا بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے علم اور صلاحیتوں کو معاشرے اور ملک کی ترقی کے لیے مثبت انداز میں استعمال کریں اور اپنے کردار سے دوسروں کے لیے مثال بنیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علم انسان کو کامیابی کی راہ دکھاتا ہے، جبکہ کردار اسے حقیقی معنوں میں باوقار بناتا ہے۔ اس پروگرام کے آغاز میں ڈاکٹر شاہ عقیل احمد، پرنسپل انجینئرنگ کالج نے سالِ اول ڈگری و ڈپلومہ کے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کالج کی مختلف تعلیمی، تحقیقی اور دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ادارے کی نمایاں کارکردگی بھی پیش کی۔
اسی طرح ڈاکٹر آصف رسول، ہیڈ سالِ اول نے گزشتہ سال کے شاندار نتائج، تدریسی عملے کا تعارف اور نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
پروگرام کے دوران گزشتہ سال ڈگری و ڈپلومہ کے نمایاں اور ٹاپر طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا اور ان کی تعلیمی کامیابیوں پر حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس تقریب کا آغاز پروفیسر حافظ شیخ انس کی تلاوتِ کلامِ پاک مع ترجمہ سے ہوا۔
ڈاکٹر راغب ندیم نے نظامت کے فرائض بخوبی انجام دیے اور آخر میں کلماتِ تشکر بھی پیش کیے۔اس موقع پر جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی کے سیکریٹری جناب راشد ارشد مختار، ڈاکٹر سلمان بیگ، ڈاکٹر یعقوب انصاری، ڈاکٹر فہد اقبال، ڈاکٹر دلاور حسین ، پروفیسر نوید اخترسمیت دیگر اساتذہ و اسٹاف موجود تھے۔
پروگرام میں کثیر تعداد میں طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی اور تقریب کو کامیاب بنایا۔