کاسودا میں بی ایل اوز کی تہنیت یومِ اساتذہ کے موقع پر سابق گرام پنچایت اراکین کی کاوش
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 06, 2026
0
share
کاسودا، تعلقہ ایراںڈول (نمائندہ): یومِ اساتذہ کے موقع پر کاسودا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کی تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ سابق گرام پنچایت اراکین کی کاوشوں سے منعقدہ اس تقریب میں شہریوں، اساتذہ، بی ایل اوز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت سماجی کارکن اور سینئر صحافی ڈاکٹر نورالدین ملاجی نے کی۔ صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا، “بی ایل اوز جمہوری نظام کا ایک نہایت اہم حصہ ہیں۔ ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ رکھنے سے لے کر ہر اہل شہری کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے تک بی ایل اوز ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ ان کی خدمات محض سرکاری ذمہ داری نہیں بلکہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کا ایک اہم کام ہے۔” انہوں نے مزید کہا، “یومِ اساتذہ کے موقع پر بی ایل اوز کا احترام و اعزاز کرنا یقیناً قابلِ ستائش اقدام ہے۔ معاشرے کے لیے ایمانداری اور خلوص کے ساتھ کام کرنے والے ہر فرد کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ اس طرح کی تہنیتی تقریبات سے متعلقہ افراد کو مزید بہتر کام کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔” اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بی ایل اوز کو گلدستے پیش کرکے تہنیت پیش کی گئی۔ موجود معززین نے بی ایل اوز کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے کردار کی بھرپور ستائش کی۔ تقریب کی تمہید سابق گرام پنچایت رکن ارشد علی نے پیش کی، جبکہ نظامت استاد شاکر خان نے کی۔ استاد گوتم جاکر خان اور حاجی نورالدین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں مشرف پٹھان، شیخ شاکر سر، عزیز عبدالباری سر، اشفاق علی، جمشیر پٹھان، نواب شیخ، مختار پہلوان، یوسف خان، کبیر خان، کبیر شیخ، ریحان علی، محمود شیخ سمیت متعدد معززین موجود تھے۔ تقریب پُرجوش اور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔