انجَن گاؤں سورجی: محمد اظہار سر کی سبکدوشی پر پُراثر الوداعی تقریب
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 06, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) نگر پریشد اردو ہائی اسکول، انجَن گاؤں سورجی کی جانب سے نگر پریشد مراٹھی ہائی اسکول کے صدر مدرس محمد اظہار سر کی سبکدوشی کے موقع پر ایک پُروقار اور جذباتی الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
31 اگست کو منعقدہ تقریب میں معززین، اساتذہ اور طلبہ نے محمد اظہار سر کی طویل تعلیمی و انتظامی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کی صدارت صدر مدرس رضوان احمد نے کی، جبکہ محمد اظہار سر شخصیتِ اعزاز رہے۔ حاجی نذیر احمد، حاجی ظہیر احمد (سپروائزر)، روشن ضمیر قریشی (انچارج، سورجی برانچ) اور کلیم شاہ (انچارج، قلعہ) بطورِ خاص موجود تھے۔ نظامت کے فرائض شیخ انصار سر نے انجام دیے۔
محمد اظہار سر کی میونسپل کونسل اردو ہائی اسکول، انجَن گاؤں سورجی میں تقرری 2 جنوری 1995 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے قلعہ اسکول میں تقریباً 31 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد مراٹھی میڈیم سیکنڈری اسکول کے صدر مدرس کی حیثیت سے مزید 14 ماہ ذمہ داری نبھائی اور اسی عہدے سے سبکدوش ہوئے۔
تقریباً 33 سالہ تعلیمی سفر کے دوران انہوں نے تدریس اور انتظامی امور میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
تدریس کے ساتھ محمد اظہار سر نے ایس ایس سی بورڈ امتحانات میں اردو مضمون کے ویلیوئر، ماڈریٹر، چیف ماڈریٹر اور پیپر سیٹر سمیت مختلف اہم ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ مضمون پر مضبوط گرفت، فرض شناسی اور مؤثر تدریسی انداز کے باعث وہ طلبہ اور تعلیمی حلقوں میں خاص مقام رکھتے تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سورجی برانچ کے انچارج روشن ضمیر قریشی نے کہا کہ محمد اظہار سر نہ صرف ان کے استاد رہے بلکہ ان کی عملی زندگی کی تشکیل میں بھی ان کی رہنمائی کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اظہار سر نے انہیں آٹھویں سے دسویں جماعت تک تعلیم دی، جس کے اثرات آج بھی ان کی زندگی میں نمایاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج عملی میدان میں جس مقام پر ہیں، اس میں اپنے استاد کی محنت، تعلیم اور رہنمائی کا بھی اہم حصہ ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے استاد محمد اظہار سر کو دیتے ہوئے ان کی خدمات پر تشکر کا اظہار کیا۔
اس موقع پر روشن ضمیر قریشی کے تعلیمی یوٹیوب چینل E4U Activities کی جانب سے سورجی برانچ کے مکمل اسٹاف کے ہاتھوں محمد اظہار سر کو ’’E4U Activities ٹرافی‘‘ پیش کرکے خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز ان کی طویل تعلیمی خدمات، طلبہ کے تئیں لگن اور شعبۂ تعلیم میں نمایاں کردار کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔
تقریب کو کامیاب بنانے میں انتظامی کمیٹی کے اراکین روشن ضمیر قریشی، شیخ انصار، انیس خان اور محمد طارق اقبال نے اہم کردار ادا کیا۔
اختتام پر اساتذہ اور معززین نے محمد اظہار سر کے لیے صحت، خوشی اور پُرسکون سبکدوشی کی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ماحول جذباتی ہوگیا اور اسکول خاندان نے محبت، احترام اور عقیدت کے ساتھ اپنے سینئر استاد کو الوداع کہا۔