اکولہ ، سید افتخار علی اور عبدالقدیر خان ’’کرتی شیل شکشک‘‘ ایوارڈ سے سرفراز
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 14, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اکولہ کے تحت بطور مضمون معلم اپنی خدمات انجام دینے والے سید افتخار علی اور عبدالقدیر خان کو تعلیمی و سماجی شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ’’کرتی شیل شکشک‘‘ (تخلیقی معلم) ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ باوقار اعزاز مہاراشٹر راجیہ شکشک پریشد (پراتھمک وبھاگ)، اکولہ کی جانب سے اکولہ شہر کے معروف آر۔ ایل۔ ٹی۔ سائنس کالج میں منعقدہ ٹیچر ایوارڈ پروگرام کے دوران پیش کیا گیا۔
تقریب کی صدارت بار کونسل آف مہاراشٹر اینڈ گوا کے صدر معروف وکیل موتی سنگھ جی موہتا نے کی، جبکہ سابق وزیر مملکت و سرپرست وزیر اکولہ ڈاکٹر رنجیت پاٹل کے دستِ مبارک سے سید افتخار علی اور عبدالقدیر خان کو ’’کرتی شیل شکشک‘‘ ایوارڈ عطا کیا گیا۔ تقریب میں سابق ٹیچر ایم ایل اے وسنت راؤ کھوٹرے، سابق ایم ایل اے نارائن راؤ گاوہانکر، بی۔ ای۔ او۔ پنچایت سمیتی اکولہ محترمہ ورشا کلیانکر اور مہاراشٹر راجیہ شکشک پریشد کے ریاستی صدر راجیش سروے بطور خصوصی مہمان شریک ہوئے۔
اس موقع پر مختلف اساتذہ تنظیموں کے صدور و عہدیداران سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ موجود تھے۔ معززین نے ایوارڈ یافتگان کی تعلیمی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔