مرحومین کی یاد میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد؛ سیکڑوں شہری مستفید 40 شہریوں میں چشموں کی تقسیم، 180 مریضوں کی موتیا بند کے لیے جانچ، 320 شہریوں کا طبی معائنہ، جبکہ 26 افراد نے خون کا عطیہ دیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 12, 2026
0
share
جلگاؤں، 11 اکتوبر 2026ء: مرحومین کی یاد میں خدمتِ خلق اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت مہرون، جلگاؤں کے اقبال کالونی میں واقع اقبال ہال میں ایک عظیم الشان مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی اور مختلف طبی سہولیات سے استفادہ کیا ۔
اس کیمپ کے دوران 450 شہریوں میں چشمے تقسیم کیے گئے، 180 مریضوں کی موتیا بند کے سلسلے میں جانچ کی گئی، 320 شہریوں کا طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ 26 افراد نے خون کا عطیہ دے کر خدمتِ انسانیت میں اپنا حصہ ادا کیا۔ اس فلاحی سرگرمی کے ذریعے ضرورت مند افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں صحت کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی ۔
اس طبی کیمپ کا انعقاد ڈاکٹر اقبال اسپورٹس انجمن، مہرون، ڈاکٹر عبدالغفار ملک فاؤنڈیشن، خدامِ انسانیت فاؤنڈیشن کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں ورلڈ میمن آرگنائزیشن (WMO) اور انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، جلگاؤں کا خصوصی تعاون حاصل رہا۔
اس پروگرام میں فاروق شیخ صاحب، غنی میمن صاحب، سلیم انعامدار صاحب،خلیل پٹھان صاحب، فرید سر، شفیع پنجاری صاحب، یوسف شیخ صاحب، ڈاکٹر راغب صاحب اور ڈاکٹر رضوان صاحب نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کی شرکت سے پروگرام کی اہمیت میں اضافہ ہوا۔ اس موقع پر خدمتِ خلق اور سماجی فلاح و بہبود کے کاموں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
منتظمین کے مطابق مرحومین کی یاد کو خدمتِ خلق کے ذریعے زندہ رکھنا اور ضرورت مند افراد تک طبی سہولیات پہنچانا اس پروگرام کا بنیادی مقصد تھا۔ کیمپ میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ معاشرے میں فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کی کتنی اہمیت ہے۔
اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ خدمتِ خلق، خون کے عطیے اور سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تاکہ ضرورت مند افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پروگرام کی صدارت جناب اعجاز عبدالغفار ملک صاحب نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض آصف ہارون سر نے انجام دیے۔ پروگرام کا آغاز شفیع حافظ صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ افتتاحی کلمات شکیل سر نے پیش کیے، جبکہ رسمِ تشکر صابر کھاٹک صاحب نے ادا کی۔