امراوتی، غازی محمد زہریش کا نامزدگی فارم مسترد حلف نامے کے ہر صفحے پر امیدوار کے دستخط نہ ہونے پر اعتراض منظور
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 07, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے امراوتی اساتذہ حلقہ انتخاب 2026 میں ونچت بہوجن اگھاڑی اور اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے امیدوار غازی محمد زہریش کا نامزدگی فارم جانچ کے دوران غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق غازی زہریش کے نامزدگی فارم پر ڈاکٹر شری کانت دیش پانڈے کی جانب سے نریندر گلہانے نے اعتراض داخل کیا تھا۔ اعتراض میں کہا گیا تھا کہ نامزدگی کے ساتھ منسلک حلف نامے کے ہر صفحے پر امیدوار کے دستخط موجود نہیں ہیں، جبکہ انتخابی ہدایات کے مطابق حلف نامے کے ہر صفحے پر امیدوار کے دستخط ضروری ہیں۔ اس کے علاوہ اعلیٰ تعلیمی اہلیت سے متعلق معلومات کو بھی نامکمل قرار دیتے ہوئے اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ غازی زہریش کی جانب سے دستخط کی کمی کو معمولی تکنیکی خامی قرار دیتے ہوئے عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 36(4) کا حوالہ دیا گیا اور نامزدگی مسترد نہ کرنے کی درخواست کی گئی۔ تاہم، انتخابی فیصلہ افسر و امراوتی ڈویژنل کمشنر نائنا گوندے نے دستاویزات اور اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد پہلے اعتراض کو درست مانتے ہوئے 7 اکتوبر 2026 کو غازی محمد زہریش کا نامزدگی فارم غیر قانونی قرار دے دیا۔ اس فیصلے کے بعد امراوتی اساتذہ حلقہ انتخاب کی انتخابی سرگرمیوں میں اہم تبدیلی واقع ہوئی ہے۔