اردو اساتذہ کے مسائل کے حل کی امید پر کانگریس امیدوار ادیتی رشی کیش پوہرے کی حمایت کا فیصلہ امراوتی ٹیچر حلقۂ انتخاب ، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا نے مختلف مطالبات پر مشتمل میمورنڈم پیش کیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 13, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا، شعبۂ ثانوی، امراوتی ڈویژن کی جانب سے اتوار، 11 اکتوبر 2026ء کو اکولہ کے مراٹھا منگل کاریالیہ میں ’’امراوتی ٹیچر حلقۂ انتخاب 2026ء‘‘ کے موضوع پر ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ سنگھٹنا کے ریاستی صدر ایم اے غفار کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں امراوتی قانون ساز کونسل کے ٹیچر حلقۂ انتخاب کے انتخابات کے پیش نظر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اردو اساتذہ اور اردو میڈیم اسکولوں کے دیرینہ مسائل کو حکومتی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھانے اور ان کے حل کی کوششوں کے پیش نظر کانگریس امیدوار ادیتی رشی کیش پوہرے کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی کہ اردو اساتذہ اور اردو میڈیم اسکولوں کے متعدد مسائل طویل عرصے سے حل طلب ہیں۔ ان مسائل کے حل، اردو اسکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور اساتذہ کے جائز مطالبات کو متعلقہ حکام تک پہنچانے کے مقصد سے سنگھٹنا نے امیدوار کی حمایت کے ساتھ مطالبات کا تحریری میمورنڈم بھی پیش کیا۔ تنظیم کی جانب سے واضح کیا گیا کہ اردو اساتذہ کے مسائل کا حل اور اردو میڈیم اسکولوں کی ترقی تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔اس موقع پر سنگھٹنا کے ریاستی صدر ایم اے غفار نے کانگریس امیدوار ادیتی رشی کیش پوہرے کو اردو اساتذہ اور اردو میڈیم اسکولوں کے مختلف مسائل اور مطالبات پر مشتمل تحریری میمورنڈم پیش کیا۔ اس میں اردو اسکولوں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی خالی آسامیوں کو پُر کرنے، اردو افسران کے عہدوں کو منظوری دے کر ان پر تقرریاں کرنے، طلبہ کو مفت درسی کتابیں اور یونیفارم فراہم کرنے، اردو اسکولوں میں بنیادی سہولیات مہیا کرانے اور تعلیمی ترقی کے لیے مناسب مالی فنڈ مختص کرنے جیسے اہم مطالبات شامل ہیں ۔ سنگھٹنا کی جانب سے امید ظاہر کی گئی کہ اردو اساتذہ اور اردو میڈیم اسکولوں کے مسائل کو حکومت اور انتظامیہ کی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرکے ان کی یکسوئی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ تنظیم کے مطابق، حمایت کے فیصلے کے ساتھ مطالبات کا تحریری میمورنڈم پیش کرنے کا مقصد اردو تعلیم سے وابستہ مسائل کو انتخابی عمل کے ذریعے نمایاں کرنا اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
اس موقع پر مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ریاستی ترجمان سید جواد حسین، ریاستی نائب صدر حمید شارق، ریاستی جوائنٹ سیکریٹری واثق نوید اور علاقائی صدر حیات خان بطورِ خاص موجود تھے۔ اجلاس میں سنگھٹنا کے دیگر ریاستی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران و کارکنان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد اردو اساتذہ کے مسائل کو انتخابی سطح پر اجاگر کرنا، اردو میڈیم اسکولوں کی ضروریات کو متعلقہ حکام تک پہنچانا اور ان کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔