کھام گاؤں، محمد فرحان کی کڈو کے قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کامیابی 11قومی اور 5 بین الاقوامی تمغے حاصل کرکے کھام گاؤں کا نام روشن کیا؛ کھام گاؤں (واثق نوید کی رپورٹ)
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 26, 2026
0
share
کھام گاؤں شہر کے برڈے پلاٹ کے نوجوان ہونہار کھلاڑی محمد فرحان محمد نعیم نے کڈو (Kudo) کے قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔ ان کی اس نمایاں کامیابی سے نہ صرف ان کے تعلیمی ادارے بلکہ کھام گاؤں شہر کا نام بھی روشن ہوا ہے۔ محمد فرحان بابو میاں سراج الدین آرٹس، کامرس و سائنس کالج، پیپل گاؤں کالے کے طالب علم ہیں۔ انہوں نے اپنی محنت، لگن اور کھیل کے تئیں غیر معمولی دلچسپی کے ذریعے کڈو کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق، محمد فرحان نے 12 سے 18 نومبر کے دوران گجرات کے احمد آباد میں واقع ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ قومی کڈو مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ اکشے کمار بین الاقوامی کُشتی مقابلے میں بھی انہوں نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ فاؤنڈیشن آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقدہ قومی کُشتی مقابلے میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ قابلِ ذکر ہے کہ محمد فرحان اس سے قبل بھی 11 قومی اور 5 بین الاقوامی تمغے حاصل کرچکے ہیں۔ حالیہ تین طلائی تمغوں کے ساتھ ان کی کامیابیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے، جو ان کی مسلسل جدوجہد، سخت محنت اور کھیل کے تئیں پختہ عزم کا ثبوت ہے۔ محمد فرحان کا تعلق برڈے پلاٹ کے ایک سیاسی و سماجی طور پر سرگرم خاندان سے ہے۔ ان کی والدہ برڈے پلاٹ کی رکن بلدیہ ہیں، جبکہ ان کے والد محمد نعیم اور دادی بھی ماضی میں برڈے پلاٹ کی قیادت کرتے ہوئے رکن بلدیہ رہ چکے ہیں۔ محمد فرحان کی اس شاندار کامیابی پر شہر کی معزز شخصیات الحاج محمد ادریس جمعدار، الحاج شہرت خان، انیس جمعدار، واثق نوید، عارف پہلوان، سید نجیب اقبال، عارف بھیا، ظریف خان، سلیم ملک اور رحیم خان نے انہیں مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہر کی معزز شخصیات نے امید ظاہر کی کہ محمد فرحان اپنی محنت، لگن اور کھیل کی صلاحیتوں کے ذریعے آئندہ بھی قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے کھام گاؤں کا نام روشن کریں گے۔