۲۵؍دسمبر یوم ولادت کے موقع
مجاہد آزادی ڈاکٹر مختار احمد انصاری
شکیل مصطفی (مالیگاؤں) 9892351620
۲۵؍دسمبر ۱۸۸۰ء میں مختار احمد انصاری صاحب کی ولادت یوپی کے ضلع غازی پور کے قصبہ یوسف پورہ میں ہوئی۔ ان کے آبا و اجداد سلطان محمد بن تغلق کے دورِ حکومت میں بھارت آئے تھے۔ ان کے اہل خانہ کے بیشتر افراد تغلق خاندان کے قریب تھے۔ ان کی بنائی ہوئی عدالت میں مختلف عہدوں پر فائز تھے۔ خاندان کے سبھی افراد تعلیم یافتہ اور شعوربابیدہ تھے۔ ۱۸۹۶ء میں غازی پور کے وکٹوریہ اسکول سے مختار احمد انصاری نے ابتدائی تعلیم اور ثانوی تعلیم حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ حیدرآباد گئے جہاں سے انہوں نے نظام ریاستی اسکالرشپ پر انگلینڈ گئے۔ ۱۹۰۵ء میں انہوں نے ایم ایس ۔ایم ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ ۱۹۱۰ء میں جدید تحقیق سے ماسٹر آف سرجری بھی حاصل کی۔
ڈاکٹر مختار احمد انصاری صاحب نے اعلیٰ تعلیم انگلینڈ سے حاصل کی مگر اپنے بزرگ حضرات سے ناطہ نہ توڑا بلکہ تعلقات ہمیشہ مثبت سطح پر استوار رکھے۔ لندن میں مسیح الملک حکیم اجمل خان اور موتی لال نہرو سے ملاقات کی۔ دسمبر ۱۹۱۲ء سے عملی سیاست میں حصّہ لیا۔اس زمانے میں مسلم لیگ اور کانگریس پارٹی سے وہ منسلک رہے۔ انہوں نے ہندو اور مسلم اتحاد کی بہت کوشش کی۔ اُن کا یقین تھا کہ ’’ہندوستان کی جنگ آزادی صرف مختلف برادریوں کی متحدہ جدوجہد کے توسط سے ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔‘‘
ریشمی رومال تحریک کی بنیاد حضرت مولانا محمود حسنؒ نے رکھی تھی۔ انگریز مولانا کی گرفتاری کا مصمم ارادہ رکھتے تھے جس کی خبر ڈاکٹر مختار احمد انصاری صاحب کو معلوم ہوئی توانہوں نے مولانا موصوف کو دے دی۔ مولانا نے حج کا ارادہ فرمایا، یہ خوش بختی رہی کہ ذی الحجہ کا مہینہ بھی تھا۔ ڈاکٹر مختار احمد انصاری صاحب نے مولانا کے سفر کے مکمل اخراجات اُٹھائے۔ اب یہ تحریک ڈاکٹر صاحب کی نگرانی میں جاری تھی۔ انگریزی حکومت کو معلوم ہوا کہ ڈاکٹر محترم مولانا کی مدد کر رہے ہیں تو اس ضمن میں انھیں گرفتار کیا گا مگر وہ قانون اچھی طرح جانتے تھے اس وجہ سے انگریز اُن کا کچھ بگاڑ نہ سکے اور انھیں فوراً رہا کرنا پڑا۔
۱۹۱۸ء اور ۱۹۲۰ء میں وہ مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے عوامی خدمات انجام دے چکے تھے وہ کانگریس پارٹی میں بھی اعلیٰ عہدے پر فائز رہے۔ اُن کا گھر امن کا گھر ’دارالسلام‘ بن گیا تھا۔ گاندھی جی و دیگر ممتاز رہنما یہی قیام فرماتے تھے۔ انھیں تعلیم اور ثقافتی اداروں کے ساتھ ساتھ ملک سے بے انتہا محبت تھی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے وہ ایک اہم رکن تھے۔ ۱۰؍مئی ۱۹۳۶ء کو رام پور سے مسوری واپس ہو رہے تھے کہ انھیں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے وہ مالک حقیقی سے جاملے۔