✍: - تابش سحر
کھڑکی، روشن دان یا دروازے کے ذریعہ کسی کے گھر میں جھانکنا بری عادت ہے، پاکیزہ تہذیب' ایسے کام کی ہرگز اجازت نہیں دیتی، جو بےغیرت انسان داخل ہونے کی اجازت سے قبل تانک جھانک کا مرتکب ہو اس کی آنکھ پھوڑی جاسکتی ہے مگر آج ٹیکنالوجی کی مہربانی کے سبب تانک جھانک کا عمل نہایت آسان ہوگیا ہے، گھروں کے مکیں ایسے لاپرواہ ہیں کہ وہ خود تانک جھانک کی بھرپور اجازت دیتے ہیں، جب "پلے اسٹور" سے کوئی ایپ ڈاؤن لوڈ کی جاتی ہے تو پچاس فیصد ایپس تانک جھانک کی اجازت طلب کرتے ہوے ایک طویل فہرست پیش کرتے ہیں جسے نادان لوگ بغیر پڑھے سمجھے شانِ بےنیازی کے ساتھ "میں متفق ہوں" "I Agree" کہہ کر آگے بڑھ جاتے ہیں اور اس طرح ایک اجنبی انسان آپ کی حساس معلومات تک رسائی حاصل کرسکتا ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ کسی بھی ایپ کو اپنا کام کرنے کے لیے کام کے متعلّق چیزوں تک رسائی ناگزیر ہے بصورتِ دیگر وہ اپنا کام نہیں کرسکے گی جیسے کوئی تصویر کو سنوارنے اور نکھارنے والی ایپ ہو تو اسے گیلری یا کیمرے کے متعلّق اجازت ملنی چاہیے کیوں کہ یہ اجازت اس کے لیے جڑ کی حیثیت رکھتی ہے اور جڑ کے بغیر شجر کا کوئی تصوّر نہیں، کوئی بےرنگ پتّوں کو رنگنا چاہتا ہے تو رنگساز کے سامنے تمام پتّے پیش کرنا پڑے گا تبھی وہ پتّوں کو رنگ دے سکے گا اب رنگ ریز امانت دار ہے تو ٹھیک ورنہ بددیانتی کا کسی بھی وقت سامنا کرنا پڑسکتا ہے، ایپس متعلقہ امور کی اجازت طلب کرتے تب بھی بات سمجھی جاسکتی تھی مگر سینکڑوں ایسی ایپس موجود ہیں جو غیر متعلقہ چیزوں کے لیے بھی مطالبہ کرتے ہیں جیسے ٹروکالر کا کام رابطہ نمبروں کا تجزیہ کرنا ہے وہ آپ کے موبائل میں موجود رابطہ نمبروں کے متعلق اجازت طلب کرے تو ٹھیک مگر وہ کیمرے کے تئیں اپنی دلچسپی کا اظہار کر کے حیران کردیتا ہے، نیٹ ورکنگ ایپس "لوکیشن" کا سوال کرے تو واجبی بات ہے مگر گیمنگ ایپس کو آخر ہماری "لوکیشن" سے کیا لینا دینا؟ چھوٹی سی چھوٹی ایپ جنہیں دیکھ کر اردو کی کہاوت "کیا پِدّی اور کیا پِدّی کا شوربہ" یاد آجاتی ہے وہ بھی ہمارے ڈوائس کی مختلف چیزوں تک پہنچنے کا ذریعہ ڈھونڈتی ہے، قصّہ مختصر یہ کہ جب کوئی مزدور اپنے کام سے کام نہ رکھے، اِدھر اُدھر چیزوں پر دھیان دے، حساس معلومات جمع کرنے کی کوشش کرے، دو لوگوں کے درمیان کی باتیں سننے کے لیے کان لگائے، ہر ایک کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھے تو اسے مشکوک قرار دیا جانا لازمی ہے اور بدقسمتی سے یہی کام دیگر ایپس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ بھی کرتا ہے بلکہ اب تو ڈنکے کی چوٹ پر کرنا چاہتا ہے، اس کی اسی داداگری کے سبب صارفین چراغ پا ہیں اور اپنا احتجاج درج کروارہے ہیں، ہزاروں بھولے بھالے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ واٹس ایپ وہ پہلا ایپ ہے جو اس طرح کی جسارت کر رہا ہے جبکہ یہی کچھ' دیگر ایپس سالوں سے کرتے آرہی ہیں البتہ واٹس ایپ کے تئیں بیداری ضروری ہے کیوں کہ اسے اب تک محفوظ سمجھا جاتا تھا اور خود اس نے اپنی پالیسیوں سے اس بات کا اشارہ دے دیا ہے کہ اسے محفوظ نہ سمجھا جائے لہذا محفوظ پناہ گاہوں کہ تلاش صارف پر واجب ہے ایسی محفوظ پناہ گاہ' جہاں وہ کسی سے اظہارِ محبّت کرے تو شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے، کالے کرتوت کا تذکرہ ہو تو یہ تذکرہ' اخباروں کی زینت نہ بن جائے، کسی کو بریانی کی خاص دعوت دی جائے تو وہ دعوتِ عام نہ بن سکے ایسی خفیہ بات چیت کے لیے "سگنل" ایپ مفید ہے اور عمومی استعمال کے لیے ٹیلی گرام بہتر لیکن خطرات سے وہ بھی خالی نہیں، یہ بات اینڈروائڈ صارف کو اچھی طرح ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ ہمارا ڈِوائس ایک جاسوس ہے جو کسی بھی وقت ہمارے خلاف استعمال ہوسکتا ہے لہذا ایپس کو پرمیشن دینے سے قبل ایک مرتبہ ضرور سوچ لیں۔۔۔۔ اور ہاں! آخری بات' ان ایپس کی تانک جھانک کے سبب مئے خانہ کا رستہ بھولنے کی کوشش نہ کریں بلکہ اس کی نگرانی کا خوف کریں جو کبھی نہیں چوکتا، کبھی نہیں تھکتا اور کبھی نہیں اونگھتا۔۔۔۔۔
نوٹ: - "کھڑکیوں سے نظر' اس کی ہٹتی نہیں۔۔۔۔"



