ایک نظریہ ہے
میرا جسم میری مرضی
ویلنٹائن ڈے پر اس نظریے کے تناظر میں میری ایک تازہ تخلیق آپ کی خدمت میں
تیرا جسم تیری مرضی
اے جان آرزو چل
زندان رنگ و بو چل
فطرت کی عیب جو چل
چرچے ہیں چار سو چل
اے نازش عدو چل
میکش کے روبرو چل
تیرا جسم۔ تیری مرضی
چل خود سے پوچھتے ہیں
لہرا رہی ہیں زلفیں
چل ان سے پوچھتے ہیں
کیوں گھر رہے ہیں بادل
کیوں بج رہی ہے پایل
کیوں بہ رہا ہے کاجل
کیوں چبھ رہا ہے آنچل
دل میں ہے کیسی ہلچل
لے جسم کوبکو چل
تیرا جسم تیر ی مرضی
لیکن ذرا ٹہرنا___
اک پھول کھل رہا ہے
چل اس سے پوچھتے ہیں
کل تک جو کچھ نہیں تھا
ننھی سی پھر کلی تھا
اب پھول بن گیا ہے
خوشبو بکھیرتا ہے
تن سوکھنے لگا ہے
مرجھا کے مر گیا ہے
مٹی میں مل رہا ہے
اس پر ہے کس کی مرضی
چل جسم و جاں پوچھیں۔ ___
پھیلی زمیں سے پوچھیں
اس آسماں سے پوچھیں
جھکتی ہوئی کمر سے
لٹکے ہوئے لبوں سے
چہرے کی جہریوں سے
ویران ابرؤوں سے
چل ایک بار پوچھیں
ان پر ہے کس کی مرضی
اس جسم وجان پہ مرضی
سارے جہاں پہ مرضی
گل۔ گلستاں پہ مرضی
جاناں بتا ہے کس کی
یہ جسم ہے اسی کا
جس نے اسے بنایا
نازک بدن بنا کر
بخشی حسین کایا
یہ تن بدن ہے تیرا
مٹی کا آشیانہ
مٹی ہے جان جاناں
بس آخری ٹھکانہ
ہے جسم و جاں پہ تنہا
جاناں اسی کی مرضی
جب چاہے جان لے لی
جب چاہے تن جھکا دے
اچھی بھلی جوانی
بیکار کی بنادے۔ سب خاک میں ملا دے
ہے روح کے لئے تن
تو روح کی صدا بن
اس طائر فلک کا
ہے جسم اک نشیمن
ٹوٹے نہ یہ سبو چل
خوشبو کی آبرو چل
کاشانہء چمن میں
پھولوں کی گفتگو چل
تیرا جسم۔ اس کی مرضی
گوہر کو بخشتی ہے
قدرت صدف کا سایہ
گوہر تجھے بنایا
مجھکو صدف بنایا
موتی صدف نشین ہو
تب رونق جبیں ہو
موتی کی آب ہے نا
زیر حجاب رہنا
آہن کھلا پڑا ہو
اس کا نہ کچھ برا ہو
گوہر کھلا پڑا ہو
بے آب ہوگیا ہو
آہن پہ داغ آئے
لمحوں میں چھوٹ جائے
موتی پہ داغ آئے
چھوٹے تو آب جاۓ
آہن عقیق گوہر
ہوتے نہیں برابر
آہن کا کام آہن
گوہر کا کا م گوہر
آہن مجھے بنایا
گوہر تجھے بنایا
نازک بدن بنا کر
بخشی حسین کایا
ترا جسم اسکی مرضی
سرفراز بزمی
سوائی مادھو پور
راجستھان