آج کی بات
پوسٹ نمبر 1538
لاک ڈاؤن میں اسکولیں بند ہونے کے بعد جب آن لائن تدریس شروع ہوئی تو لامحالہ مجھے بھی بچوں کیلئے ایک موبائل لینا پڑا اور پھر وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔ سعدان میاں جو پہلے تھوڑا بہت اخبارات و رسائل پڑھ لیا کرتے تھے اسے بھی ترک کردیا اور لاک لگے ہونے اور کئی پابندیوں کے باوجود اکثر موبائل لے کر بیٹھنے لگے۔ یہ دیکھ کر طبیعت کافی کڑھنے لگی۔ لاک لگایا گیا۔ وقت باندھا گیا۔ ہمارے سامنے تو نہیں مگر غیر موجودگی میں کتابوں کی جگہ موبائل نے لے لی تھی۔ دل میں آتا کہ موبائل ہی توڑ دیا جائے مگر آن لائن پڑھائی بھی ضروری تھی۔ ایسا بھی ہوا کہ کچھ دن تک موبائل اٹھا کر رکھ دیا جاتا مگر جب دوسرے بچوں کو موبائل کے ساتھ دیکھتے تو پھر خود ہی ترس آجاتا کہ جب رکھا ہے تو دے دیا جائے۔ ایک عجیب سی کشمکش تھی۔
آخر چند ماہ قبل وہ ہوا کہ خوشی بھی ہوئی اور غم بھی۔ چھوٹی بچی نے موبائل زمین پر گرادیا اور اس طرح موبائل داغ مفارقت دے گیا۔ اب نا موبائل ہے نا ترس آنے کا سوال ہے۔ ایک دو دن یوں ہی گزرا اس کے بعد سعدان میاں ازخود میری چھوٹی سی لائبریری میں موجود کتابوں کی طرف راغب ہونے لگے۔ کچھ ہی دن میں گھر کی لائبریری کی تمام کتابیں پڑھ ڈالیں اور پھر مختلف بکڈپوز کا چکر شروع ہوا۔ کہانی کی زیادہ تر کتابیں پڑھی جاچکی ہیں۔ اب تو یہ عالم ہے کہ ہر دوسرے تیسرے دن فرمائش ہوتی ہے کہ ابو کتاب لانے چلو۔ کہانیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے بہت سارے ناول لاکردیے مگر ناولوں میں نصیحت آمیز باتوں کی کمی کافی کھلتی ہے۔
اس لئے اب تاریخی اور اسلامی کتابیں پڑھنے کی ترغیب دے رہا ہوں۔ سعدان میاں کے ساتھ ساتھ دونوں بچیوں میں بھی مطالعے کا شوق جو پہلے سے موجود تھا اب اور بڑھ گیا ہے۔ بچے اخبارات اور کتابوں کے مطالعے کے ساتھ تلاوت کلام پاک پر بھی توجہ دیے رہے ہیں جو قابل اطمینان ہے۔
بچوں پر غلط اثر نہ ہو اس لئے میری کوشش ہوتی ہے کہ خود بھی گھر پر موبائل کا استعمال کم سے کم کروں۔ اسی بنا پر زیادہ آن لائن بھی نہیں آتا اور اکثر اہم میسیج بھی چھوٹ جاتے ہیں۔ بہرحال ان سے مجھے بھی فائدہ ہوا ہے کہ کتاب بینی کی جو عادت مجھے بچپن میں تھی اور موبائل کی وجہ سے کہیں کھوگئی تھی اب دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ الحمدللہ یہ والد محترم کی اردو سے محبت ہی تھی کہ شروع سے ہی گھر پر اردو اخبارات و رسائل بلاناغہ آتے رہے ہیں۔
آج میں جو بھی تھوڑی بہت اردو لکھ اور بول لیتا ہوں اس میں میرے اساتذہ کے ساتھ ساتھ ان اردو اخبارات و رسائل کا بھی ایک بڑا حصہ رہا ہے۔ المختصر میری حد تک تو یہ اردو کی آخری صدی نہیں ہے۔ اپنے ایک تازہ شعر کے ساتھ بات ختم کروں گا کہ
کتاب بینی کے سلسلے ہیں ابھی بھی اپنے گھروں میں باقی
اگرچہ کچھ روشنی گھٹی ہے چراغ لیکن بجھا نہیں ہے