جلگاوں : حضرت بلال (رضی اللہ عنہ) سوسائٹی جلگاؤں کے زیر اہتمام سیرت النبی (صلی اللہ علیہ وسلم) پر منعقدہ آل خاندیش تقریری و نعت خوانی مقابلہ میں اپنی اسکول کی دو طالبات کی کامیابی اور صدرِ مدرس مشتاق کریمی کو اسی جلسہ میں مثالی صدر مدرس کے اعزاز سے سرفراز کیے جانے پر جشنِ تشکر و اعزاز کا انعقاد ڈیجیٹل ہال میں کیا گیا. دانش شکیل منیار نے تلاوتِ قرآن سے جلسہ کا آغاز کیا.
اس موقع پر سیرت انصار دیشمکھ نے نعت پاک اور گلناز سکندر پٹیل نے سیرت النبی (ص) پر اپنی تقریر پیش کرکے خوب دعائیں سمیٹیں. ان دونوں طالبات کو نعت خوانی اور تقریر پر آل خاندیش تقریری مقابلہ میں سوم انعام سے نوازا گیا تھا. سینیئر مدرس شاہ سعید نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے دونوں طالبات کا استقبال کیا. اس موقع پر معلمہ ثمرین کلیم خان اور شاہ سعید کا بھی استقبال کیا گیا جنھوں نے طالبات کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا تھا. صدرِ مدرس مشتاق کریمی نے کہا کہ کامیابی کے حصول کے لیے محنت، جدوجہد، یکسوئی اور جنون کی ضرورت ہوتی ہے.
انہوں نے اپنے اعزاز کو اپنے عملہ سے منسوب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد کے ساتھ بہتر پلاننگ کرکے ہی ہم بہتر طور پر اپنے فریضہ کی ادائیگی کر سکتے ہیں. تمام ہی طلبہ و طالبات کو مٹھائی کی تقسیم عمل میں آئی. نظامت کے فرائض نعیم بسمہ اللہ نے ادا کیے جبکہ جلسہ کی کامیابی کے لیے عقیل عزیز، روبینہ رسول،چراغ قاضی اور ظہور دیشپانڈےنے کافی محنت کی۔