کھام گاؤں (واثق نوید)اکولہ کے بین الاقوامی شاعر ، مہانگر پالیکا کے مدرس ، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ودربھ صدر نعیم فراز کا تحفہ اشعار کی شکل میں 23 اکتوبر کو صدر جمہوریہ ہند محترم رام ناتھ کووینڈ کے ہاتھوں میں پہنچ گیا۔ نعیم فراز کے اشعار تحفے کی شکل میں راشٹر پتی بھون میں پہونچے پر اکولہ کے ادبی دنیا میں خوشی پائی جارہی ہے۔
معلوم رہے کہ صدر جمہوریہ ہند عالی جناب رام ناتھ کووینڈ کے ابتدائی سیاسی دور کے ساتھی ، سنٹرل ریلوے صلاح کار کمیٹی کے سابق رکن شیخ محمد کو راشٹر پتی بھون سے فون پر صدر جمہوریہ سے ملنے کی دعوت موصول ہوئی تب وہ اکولہ میں نعیم فراز کے گھر پر بیٹھے ہوئے تھے۔ 23 اکتوبر کو انہیں صدر جمہوریہ سے ملنے کا وقت دیا گیا ۔ اس موقع پر نعیم فراز نے شیخ صاحب سے درخواست کی کہ آپ صدر جمہوریہ سے ملنے جارہے ہوتو میری طرف سے ، اہل اکولہ کی جانب سے دبستان برار کے اس ناچیز کے چند اشعار موصوف کی خدمت میں پیش کردینا جس کی شیخ صاحب نے حامی بھرلی تھی۔
اس موقع پر نعیم فراز نے صدر جمہوریہ کے لیے اشعار کہے۔
کیسی بھی چیز کی جیون میں نہ کمی گزرے۔۔
ہمیشہ عمر کا ہر پل ہنسی خوشی گزرے۔۔۔
خزاں کی دھوپ نہ آئے کہیں بھی راہوں میں۔۔۔
خدا کرے سدا پھولوں میں زندگی گزرے۔۔۔۔
23 اکتوبر کو شیخ محمد نے عالی جناب رام ناتھ کووینڈ سے ملاقات کی۔ تفصیل بات چیت کے بعد اکولہ مہانگر پالیکا کے ایک پرائمری مدرس کے اشعار خوبصورت فریم کی شکل میں صدر جمہوریہ ہند کو پیش کیا جیسے انہوں نے بخوشی قبول کیا۔ نعیم فراز کا تحفہ اشعار کی شکل میں راشٹر پتی بھون میں پہنچنے کی خبر شوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی ادبی و تعلیمی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ لوگوں نے انہیں مبارکباد پیش کی اور بہترین مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کی۔