کھام گاؤں (واثق نوید) شرلا ڈیم سے کھام گاؤں شہر میں پانی سپلائی کی نئی پائپ لائن اور پمپ کو 21 اکتوبر کو تجرباتی طور پر شروع کرکے دیکھا گیا جو صد فی صد کامیاب رہا۔ رکن اسمبلی آکاش فونڈکر کے ہاتھوں پانی پمپ کا شرلا نیمانے ڈیم پر بٹن دبا کر افتتاح کیا گیا۔جس سےکھام گاؤں شہر کی پانی قلت کا مسلئہ تقریبا حل ہوگیا ۔جلد ہی شہر میں روزانہ پانی ملنے کے امکانات ہوگئے۔
معلوم رہے کھام گاؤں شہر میں پانی کی قلت ہونے کی وجہ سے 8 دنوں بعد پانی مہیا کیا جاتا تھا۔ اس پریشانی کو دور کرنے کے لئے آنجہانی بھاؤ صاحب فونڈکر نے شرلا نیمانے ڈیم سے شہر میں اضافی پانی سپلائی کا منصوبہ تیزی سے پائے تکمیل تک پہنچانے کا خواب دیکھا تھا۔ جو انکے فرزند رکن اسمبلی آکاش فونڈکر نے پورا کردیا۔ کھام گاؤں نگر پریشد پر اقتدار حاصل کرنے کے بعد اس کام کو فوقیت دیتے ہوئے تمام کاروائیوں کو مکمل کیا۔ عدالتی کارروائی، تکنیکی دشواریاں، کوویڈ 19 کا ڈیڑھ سال ، ضائع ہونے کی وجہ سے اس کام میں تاخیر ہوگئی تھی۔
بالآخر پانی پروٹھا سبھاپتی ذکیہ بانو محمد انیس جمعدار کے دور میں یہ کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔ 21 اکتوبر کو دوپہر تین بجے نگر پریشد کے تمام ممبران کی موجودگی میں ڈیم پر شہر میں پانی سپلائی کی نئی پائپ لائن کی جانچ کی گئی۔ اس موقع پر بطور خاص صدر بلدیہ انیتا تائی ڈورے، نائب صدر بلدیہ سنجے مننا پوروار، سابق پانی پروٹھا سبھاپتی ، ستیش اپپا، اوم شرما ، لتا تائی گرڑ ،حجن شہر بانو ظہیر اللہ شاہ مرحوم ، اور موجودہ سبھاپتی ذکیہ بانو محمد انیس جمعدار ، موجود تھے۔ جلد ہی کھام گاؤں شہر کے پانی کی پریشانی دور ہو جائے گی۔ شہر میں اب روزانہ پانی دینے کے تعلق سے کاروائی متعلقہ پانی پروٹھا محکمہ جنگی پیمانے پر کررہا ہے۔ ذکیہ بانو محمد انیس جمعدار کے دور میں کام مکمل ہونے سے مسلم علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ برڈے پلاٹ، محبوب نگر ، لکڑ گنج ، فردوس کالونی ، کے لوگوں کو اطمینان ہوگیا کہ آکاش فونڈکر نے جو وعدہ کیا تھا کہ ہر گھر میں نل ، ہر نل میں جل ، پورا ہوگا۔ نئی پائپ لائن شروع ہونے سے سب سے زیادہ فائیدہ اقلیتی علاقوں میں ملے گا۔