از قلم:حافظ محمد غفــــــران اشرفی
(جنرل سکریٹری سنّی جمعیة العوام مالیگاؤں)
7020961779
پھر نئے سال کی سرحد پہ کھڑے ہیں ہم لوگ
راکھ ہو جائے گا یہ سال بھی حیرت کیسی
اسلام جشن پسندی سے منع نہیں کرتا۔ہاں خوشی کے ماحول میں ڈوب کر اخلاقی حدود کو پھلانگ جانے سے اسلام ضرور روکتا ہے۔جس معاشرہ میں جشن پسندی کا نام زنا،ناچ،گانا،شراب اور بے حیائی ہو ایسے معاشرہ کی ازسرِ نٙو تشکیل کے لیے پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے کار آمد فرمودات موجود ہیں۔جن پر عمل پیرا ہوکر معاشرہ کو اِس قدر بااخلاق اور خوب صورت بنایا جاسکتا ہے جس کا تصوّر ذہنِ انسانی سے باہر ہے۔مگر اسلامی خطوط کو چھوڑ کر دنیا اور خصوصیت کے ساتھ مسلمان مغربی آزادی پر فریفتہ ہوکر انسانیت کو شرمسار کررہے ہیں۔آج بہت سی اخلاقی،سماجی اور معاشرتی برائیاں ہیں جو ہمارے معاشرے میں شعوری اور لاشعوری طور پر فلموں،ڈراموں یا کالج اور یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے والے آزاد اور لبرل خیال لوگوں کی وساطت سے داخل کردی گئی ہیں جن کے انجام دینے سے نا تو ملک کا کوئی فائدہ ہے اور ناہی کسی مہذّب معاشرہ کا۔
ایسی ہی ایک بے ہودہ غیر تہذیبی انسانیت کو شرمسار کرنے والی برائی نئے سال(نیو ایئر سلیبریشن)کا جشن منانا ہے۔اِس برائی نے فی زمانہ سب سے زیادہ کالج اور یونیورسٹی سے پڑھ کر آنے والے آزاد خیال لوگوں کو بگاڑا دیکھتے ہی دیکھتے معاشرہ کا نقّال نوجوان طبقہ بھی اِس منحوسیت کا شکار ہوگیا۔اِس رسمِ بد کے ذریعہ سال کی آخری شب(تھرٹی فرسٹ نائٹ)میں نئے سال کے آغاز کی خوشی کے نام پر رات بھر ناچ،گانے،آتش بازی،شراب اور زنا کاری کا ننگا ناچ ہوتا ہے۔آج معاشرہ کی نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کا حال یہ ہے کہ سال کی شبِ اخیر(تھرٹی فرسٹ نائٹ)میں اپنی چند لمحوں کی نفسانی خواہشات اور لذّت کی خاطر مذہب،معاشرہ،والدین کے ارمانوں اور خود کی عزّت کا جنازہ نکال دیتے ہیں۔شب بھر شراب اور عیّاشی کا دور چلتا ہے۔جس کے لیے باضابطہ لاج اور ہوٹلوں کے کمرے پہلے ہی سے بُک کیے جاتے ہیں۔اِس منحوسیت کے گندے غلیظ اور ناپاک چھینٹے ہمارے شہر علم پر بھی پڑگئے ہیں۔ہمارے شہر میں سال کی آخری رات کے لیے ہاے وے کے کناروں کی ہوٹلوں کے کمرے اور قطارا در قطار تعمیر کی گئی کوٹھیوں کو عیّاشی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔اسلام ایسی کسی بھی آزاد خیالی اور تعیّش پرستی کی قطعا اجازت نہیں دیتا۔جس میں لوگ گناہوں کا ارتکاب کرکے اللہ کو ناراض کرلیں۔بلکہ اسلام ایسے افعال مذمومہ کی سخت گیر انداز میں مخالفت کرتا ہے۔جو لوگ دوسرے مذاہب والوں کو نئے سال کا جشن مناتا دیکھ کر خود بھی اُن جہنّمیوں کی پیروی کررہے ہیں ایسے لوگوں کے لیے حدیثِ رسول میں وعیدِ شدید بیان کی گئی "کہ جو شخص جس قوم سے مشابہت کرے گا قیامت کے دن اُسی کے ساتھ اٹھایا جاے گا۔" یعنی اگر مسلم نوجوان یہودیوں اور عیسائیوں کو نئے سال کا جشن مناتا دیکھ کر یہ کام کررہے ہیں تو یقینا وہ لوگ اللہ کو ناراض کرکے اپنی عاقبت برباد کررہے ہیں۔اِس موقع پر شہر کے ذمہ داران اور سرپرست حضرات کی مشترکہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اِس رات اپنے بچّوں پر نظر رکھیں۔ویسے تو اب نوجوانوں کی ہر رات ہی تھرٹی فرسٹ ہوتی ہے۔اِس لیے بات صرف سال کی آخری رات کی نہیں ہر رات نوجوان بچّوں پر نظر رکھنے کی ہے کیوں کہ نوجوان طبقہ اِس قدر آگے جاچکا ہے کہ والدین کو خبر تک نہیں ہوتی اور وہ والدین کے تیار کیے ہوے سنہرے خوابوں کو لات مار کر اپنی تمام خواہشات کو پوری کرچکا ہوتا ہے۔خدارا!مسلم نوجوان اِس لعنت سے اپنے آپ کو بچائیں اور بجاے نئے سال کی آمد کا جشن منانے کے گزرے سال میں ہوئی کوتاہیوں،کاروباری نقصانات،تعلیمی کمیوں اور ملّی خسارہ سے متعلق غور و فکر کرکے آنے والے سال کے لیے امّت کی ترقی کی خاطر مضبوط خطوط متعین کرکے آگے بڑھنے کا عزم بالجزم کریں۔اللہ سب کا حامی و ناصر ہو۔
کسی کو سال نو کی کیا مبارک باد دی جائے
کلینڈر کے بدلنے سے مقدر کب بدلتا ہے