کھام گاؤں (واثق نوید)کھام گاؤں نگر پریشد کی معیاد 3 جنوری کو ختم ہونے جارہی ہے۔ اراکین بلدیہ اپنی معیاد ختم ہونے کے بعد دوبارہ انتخاب جیتنے کی تیاری میں لگ گئے ہیں۔ لیکن کھام گاؤں نگر پریشد کے آزاد رکن بلدیہ ، و پانی پروٹھا سبھاپتی ذکیہ بانو اور انکے شوہر شیخ انیس جمعدار نے اپنے محکمے کے تمام ملازمین کا استقبال کرکے نئی تاریخ رقم کی اور ملازمیں کا دل جیت لیا ہے۔ جس کی پورے شہر میں چرچا ہورہی ہے۔
معلوم رہے کہ نگر پریشد میں پانچ سالوں میں ہر سمیتی کے لئے پانچ سبھاپتی منتخب کئے جاتے ہیں۔ آخری سال میں پانی پروٹھا سبھاپتی کی ذمہ داری آزاد مسلم خاتون رکن بلدیہ ذکیہ بانو کو سونپی گئی تھی۔ انہوں نے اپنے شوہر شیخ انیس جمعدار کی مدد سے اپنے ایک سالہ معیاد میں شہر کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کامیاب کوششیں کی۔ جس کے لئے رکن اسمبلی آکاش فونڈکر کی قیادت میں صدر بلدیہ انیتا تائی ڈورے اور نائب صدر بلدیہ سنجے مننا پوروار کا تعاون انہیں حاصل رہا ۔ انکے ایک سالہ معیاد میں گھر گھر نل ، گھر گھر جل کا نعرہ دیکر ہر گھر تک پانی پہونچانے کی کوشش کی گئی ، جس کے لئے کاغذی کاروائی میں آسانی لانے کے لیے ایک قرارداد منظور کی گئی۔ یہ تمام کاموں میں پانی پروٹھا محکمہ کے تمام افسران و ملازمین کا بھر پور تعاون و رہنمائی حاصل رہی۔ اس رہنمائی و تعاون کا شکریہ ادا کرنے کے لئے انہوں نے 27 دسمبر کو صدر بلدیہ کے دالان میں ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی ۔
جس کی صدارت صدر بلدیہ انیتا تائی ڈورے نے کی جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے نگر پریشد کے چیف افسر منوہر اکوٹکر ، رکن بلدیہ و سابق باندھ کام سبھاپتی روہنکار کاکو ، رکن بلدیہ سابق اروگیہ سبھاپتی ہٹکیل تائی موجود تھیں۔ اس موقع پر تمام ملازمین کو ٹرافی و گلدستہ دیکر انکا استقبال کیا گیا۔ مٹھائی دی گئی۔ ذکیہ بانو نے اس مختصر مگر پروقار تقریب میں اپنی تقریر میں کہا کہ شہر کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے مجھے اپنے تمام ملازمین کا تعاون ملا جس کے بغیر یہ کام ممکن نہیں تھا۔ میں ان تمام کی شکر گذار ہو۔ اس موقع پر چیف آفیسر اکوٹکر نے کہا کہ ذکیہ بانو نے ملازمیں کا استقبال کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ اس سے ملازمیں میں اپنے کام کو مزید اچھے طریقے سے کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔ پانی پروٹھا محکمہ کے سپر وائزر ٹھاکور کے کام کی سرہنا کرتے ہوئے کہا کہ انکے کام کی وجہ سے شہر میں نگر پریشد کی ٹھاکوری قائم ہے۔
صدر بلدیہ نے اپنے صدارتی خطاب میں ذکیہ بانو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکے اس اقدام سے ملازمیں میں احساس ذمہ داری بڑھ جائے گی ۔ پانی پروٹھا محکمہ کی انجینئر پانڈے میڈم نے اظہار تشکر کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہوئی کہ ہمارے کاموں کا اعتراف کرتے ہوئے ہمارا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر بلدیہ انیتا تائی ڈورے اور چیف آفیسر اکوٹکر نے ذکیہ بانو اور انکے شوہر انیس جمعدار کا خصوصی استقبال کیا کہ انہوں نے نگر پریشد کی تاریخ میں ایک نئی سرگرمی شروع کی ۔ پروگرام کی نظامت و ابتدائی کلمات واثق نوید نے ادا کئے۔