نئی دہلی(اردولیکس) بیرسٹراسد الدین اویسی صدرکل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے زیڈ سیکوریٹی قبول کرنے سے انکارکردیا۔ صدرمجلس نے لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے حملہ کے فوری بعد اسپیکرکی جانب سے پولیس عہدیداروں سے رابطہ قائم کرنے پران سے اظہارتشکرکیا۔ صدر مجلس نے کہا میں موت سے نہیں ڈرنے والا ہوں ہم سب کو اس دنیا سے جانا ہے، مجھے زیڈ سیکوریٹی نہیں چاہئے، میں 1994 سے سرگرم سیاست میں ہوں۔ گولی لگتی ہے تو مجھے قبول ہے، میں آزاد زندگی گزارنا چاہتا ہوں میں گھٹن کی زندگی نہیں گزارنا چاہتا،مجھے زندہ رہنا ہے تو اپنی آوازاٹھانا ہے۔ اسپیکرلوک سبھا اوم برلا نے صدرمجلس کے سیکوریٹی سے انکارپرکہا کہ ہمیں آپ کی فکر ہے اسی لئے زیڈ سیکوریٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صدرمجلس نے کہا مجھے زیڈ کیٹگری کی سیکورٹی ہرگز نہیں چاہیے،مجھے اے کیٹگری کا شہری بنائیے آپ۔ میں ان گولی چلانے والوں سے ڈر کرخاموش نہیں رہوں گا۔ انھوں نے سوال کیا کہ حملہ آوروں کے خلاف یو اے پی اے کے تحت کاروائی کیوں نہیں کی گئی۔