حیدرآباد (اردولیکس) حجاب کے مسئلہ پربالی ووڈ کی تمام مشہور شخصیات اپنے خیالات اور رائے پیش کر رہی ہیں۔ اس دوران بعض افراد کی جانب سے بالی ووڈ اسٹارسلمان خان اورمسٹرپرفیکٹ عامر خان کے نام بھی اس فہرست میں شامل کردئیے گئے ہیں اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سلمان اور عامر نے ’اللہ ہو اکبر‘ کا نعرہ لگانے والی کرناٹک کی بہادر لڑکی مسکان کے لیے 5 کروڑ نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
یوٹیوب پر ایسے کئی ویڈیوز وائرل ہورہے ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان اورعامرنے مسکان کیلئے رقمی انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر کچھ ایسی پوسٹس بھی وائرل ہورہی ہیں جہاں لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ سلمان اس لڑکی کو کروڑوں روپے دے چکے ہیں اورمزید رقم دیں گے تاہم ان دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ سلمان خان اورعامرخان نے اس مسئلہ پر کوئی بات نہیں کی ہے اور نہ ہی اس معاملے میں کوئی بیان جاری کیا ہے۔