سنہ ٢ھجری جب سے قربانی مشروع ہوئی ہے،اس وقت سے لیکر آج تک لاتعداد جانوروں کی قربانی کی جاچکی ہے،دنیا بھرکے لاکھوں مسلمان اپنی اپنی حیثیت کے مطابق ایام اضحیہ میں اللہ کے حضور قربانی کرتے آرہے ہیں،جانوروں کی قربانی دراصل اپنے مالوں کے ساتھ ساتھ اپنے جذبات،اور خواہشات کی قربانی ہے،اللہ کا منشاء یہی ہے کہ ایک مومن قربانی دینے کا عادی ہوجائے،وہ اللہ کی مرضیات کے حصول میں آڑے آنے والی تمام رکاوٹوں کو پار کرلے،اس کے لیے اسے جو چیز بھی قربان کرنا پڑے حتی کہ جان دینے کی ضرورت پیش آجائے تو اپنی جانوں کا نذرانہ بھی اللہ کے حضور پیش کرنے کے لیے آمادہ وطیار ہو،حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ؛؛جان دی،دی ہوئی اسکی تھی؛؛
؛؛حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا؛؛
علامہ رومی فرماتے ہیں کہ "ایک جان لیتے اور سوجانیں بدلے میں عطا فرماتے ہیں"جان کا نمبر تو اخیر میں آتا ہے اس سے پہلے اپنے جذبات،خواہشات،عادات اور مرغوبات کی قربانی ہے،عارفین میں سے کسی کاقول ہے کہ اپنا ایک پیر خواہشات پر رکھو دوسرا پیر جنت میں ہوگا-
اللہ کی رضامندی کے حصول،اللہ کی اطاعت وفرمانبرداری کے کام انجام دینے،گناہوں سے بچنے ،کلمہ حق کوسربلند کرنے اور ظالموں کے پنجہ ظلم سے نجات پانے،ایمان بچانے،بنانے اور اسکو خاص معیار تک پہنچانے،اپنے اعمال و اخلاق کی درستگی کرنے،اپنے اہل وعیال،ماتحتوں اور امت مسلمہ میں دین کو زندہ کرنے،اللہ کی محبت ،معیت اور معرفت کے حصول کے لیے ،،،، ایمان والا اپنے اوقات کو،جسم وجان کی صلاحیتوں اور مالوں کو خرچ کرتاہے،اپنے جذبات،خواہشات اور شہوات کے تقاضوں کا خون کرتا ہے اور انکو دباتا ہے اسی کو "قربانی"کہتے ہیں-غرضیکہ جذبہ قربانی ہی ہے جو مومن کو اللہ کا تابعدار و فرمانبردار بندہ بناتا ہے،قربانی کی مقدار اور کیفیت جتنی زیادہ ہوگی اللہ کی رضاء اور خوشنودی اسی اعتبار سے حاصل ہوگی،اللہ تعالی کی ہرقسم کی مدد حاصل کرنے کا ذریعہ بھی یہی قربانی ہے،علماء و مشائخ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے یہاں اجتماعی طور پر امت کے افرادکی قربانی کے معیار و مقدارکی بنیاد پر امت کی کامیابی و ناکامی کے فیصلے ہوتے ہیں، افراد کی انفرادی قربانی انکی انفرادی کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے-
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رح کے مطابق جب قوموں کے حالات خراب ہوتے ہیں تو اللہ کی طرف سے دین کے لیے قربانیاں مطلوب ہوتی ہیں،بعض مرتبہ امت مسلمہ کا ایک بڑا طبقہ اس معیار پر پورا اترتا ہے تو اللہ تعالیٰ امت کو آزمائش میں کامیاب کرکے ترقی کی معراج پر پہنچا دیتا ہے،بعض مرتبہ اکثر افرادامت کسل مندی کا شکار ہوتے ہیں امت کے لیے جان و مال خرچ کرنے کی صلاحیت سے محروم ہوتے ہیں تو چنندہ و چیدہ افراد کی قربانیوں پر پوری امت کے لیے خیر کے اور ہدایت کے فیصلے ہوتے ہیں،تاریخ بتاتی ہے کہ بعض اوقات ایسا بھی ہوا ہے کہ ایک فرد فرید اور بطل عظیم (ہیرو)کی قربانیوں نے پوری کی پوری قوم کو اللہ کے عذاب وعتاب کا شکار ہونے اور ذلت کے غار میں گرنے سے بچالیا ہے،خدانخواستہ اگر اللہ کے دین کے لیے قربانیاں دینے والے اللہ کے مقبول و محبوب بندوں سے زمانہ خالی ہوگیا تو ذلت و پستی ایسی قوموں کا مقدر ہوجاتی ہے،
آج کے حالات صاف صاف بتارہے رہے ہیں کہ امت مسلمہ کا بڑا حصہ مال کی قربانیوں سے آگے نہیں بڑھ رہا ہے،آرام طلبی وسہولت پسندی نے امت مسلمہ کو پوری طرح جکڑ لیا ہے،خواص وعوام کا حال یہ ہوگیا ہے کہ چھوٹے چھوٹے اعمال کےلیے معمولی مقدار میں بھی وقت دینے کے لیے طیار نہیں،نماز جیسی عبادت کی مثال لے لیں ایمانی دعووں کے باوجود ایک بہت بڑا طبقہ فرض نمازیں بھی ادا کرنے سے قاصر ہے، جس نماز کے اہتمام پر دین ودنیا میں بڑی کامیابیوں کا وعدہ ہے،اسکے لیے اتنا بھی جذبہ قربانی نہیں ہے کہ اس کو اپنے وقت پر ادا کرلیں،جس قوم نے فاقوں کے ساتھ دوستی کرکے زندگیاں گذاری ہیں اس قوم کے مرادن کار فاقہ تو درکنار ایک وقت کے کھانے کو دین کے لیے آگے پیچھے کرنے کے لیے بھی طیار نہیں-
غرضیکہ امت کے افرادکی اکٹریت قربانی کی حقیقت سے ناواقف ہونے کے ساتھ ساتھ جذبہ قربانی سے بھی عاری و خالی ہے-
علامہ رح نے جواب شکوہ میں اسی حقیقت کو آشکار کیا ہےکہ؛؛کتنی گراں تم پر صبح کی بیداری ہے؛؛
؛؛ہم سے کب پیار ہے نیند تمھیں پیاری ہے؛؛
حالات کا رونا رونے کی بجائے ہمیں اپنے اندر جذبہ قربانی کو تلاش کرنا ہوگا!!اسکی کمیت و کیفیت کا احساس کرنا ہوگا!!
جانوروں کو قربان کرنے سے فریضہ قربانی تو ادا ہوگا لیکن فریضہ ایمانی ادا نہیں ہوگا،فریضہ ایمانی کی ادائیگی کے لیے اپنے جان و مال،اوقات و صلاحیت،جذبات وخواہشات اور مرغوبات وعادات کو قربان کرنا ہوگا


