کھام گاؤں:26/اگست (واثق نوید) الحاج جناب گلزار احمد اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی جمعیة علماء مہاراشٹر )کا مختصر علالت کے بعد مسینا ہاسپٹل بائیکلہ ممبئی میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوگیا تھا ۔ موصوف کا انتقال پوری امت کا نقصان ہے۔ امت مسلمہ کے بے گناہ مسلم قیدیوں کے رہائی کے لیے مرحوم کی خدمات نا قابل فراموش ہے ۔ یہی ہے کہ مرحوم کے انتقال کے بعد بھی ملک بھر میں مرحوم کی خدمات کا اعتراف کرتے ، خراج عقیدت پیش کرنے کے تعزیتی نشتوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
بلڈھانہ ضلع میں بھی جمعیت کے ضلع صدر حافظ خلیل اللہ شیخ کی ہدایت پر شیگاؤں میں 24 اگست کو ایک تعزیتی نشت کا انعقاد کیا گیا تھا ، نشت کی صدارت جمعیت کے ضلع نائب صدر الحاج سید احمد (فروٹ مرچنٹ) نے فرمائی ۔ جس میں جمعیت کے عہدیداران و ارکین کے ساتھ ساتھ شہر کی معزز شخصیات کثیر تعداد میں موجود تھیں ۔ جمعیت کے ضلع جنرل سیکریٹری مفتی انیس الدین اشرفی نے مرحوم الحاج گلزار احمد اعظمی کے محاسن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اکابرین جمعیت علماء ہند ، شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمۃ ، حضرت مولانا احمد سعید دہلوی رحمۃ ، مجاہد ملت مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی رحمۃ ، کا زمانہ پایا اور انہی حضرات کی قیادت و رہنمائی میں 1954 سے آخر تک نوجوانوں کی طرح ہمت و حوصلے کے ساتھ جمعیت علماء کے پلیٹ فارم سے اپنی عظیم خدمات پیش کیں ، جس میں بہت ہی زیادہ قابل ذکر مظلوم و بے گناہ مسلم قیدیوں کی رہائی کے لیے کوشش کرنا ہے ۔ مفتی صاحب نے اس موقع پر مرحوم کی دیگر خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ مرحوم کو امین ملت کے لقب سے یاد کیا جانا چاہئے ۔
اس موقع پر صدر نشت الحاج سید احمد نے کہا کہ ان چند مہینوں میں امت کی دو بڑی ہستیاں ، جمعیت کے بزرگ ، حضرت مولانا مستقیم احسن اعظمی رحمۃ اور الحاج گلزار احمد اعظمی کا اس دنیا سے رخصت ہوجانا ملت کا بڑا خسارہ ہے ۔ مولانا نعمت اللہ خان حسینی ، بھی بطور خاص موجود تھے ۔ مولانا عبد الرشید ندوی کی دعا پر تعزیتی نشت کا اختتام عمل میں آیا ۔ نیز دوران نشت مرحوم کے لئے ایصال ثواب بھی کیا گیا ۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے جنکی پسماندگان و متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ، جمیت کو آپ کا نعم البدل عطا فرمائے ۔ آمین




