مقبول مزاح نگار کرنل شفیق الرحمٰن کا قول ہیکہ جو بات " اگر برا نہ مانو " سے شروع ہوتی ہے اسمیں ضرور کوئی نہ کوئی بات برا ماننے والی ہوتی ہے اسی لۓ میں نے تحریر کے عنوان میں ہی معذرت کرلی ہے ۔
فلمساز راج کپور نے اپنی ایک فلم کے نغمے کےذریعے اس دیس کے باسی ہونے پر فخر کا اظہار کیا تھا جس دیس میں گنگا ندی بہتی ہے ۔ اسی طرح شہر مالیگاؤں میں مختلف افراد کیلئے الگ الگ وجوہات باعث افتخار ہو سکتی ہیں مثلاً کوئی مسجد و میناروں کا شہر ہونے پر ، کوئی سٹی آف پاورلوم ہونے پر ، کوئی عظیم الشان دینی مدارس اور عصری درسگاہوں و بڑے بڑے ایجوکیشن کیمپس ہونے پر اور دیگر بہت سی خصوصیات پر فخر کا احساس کر سکتا ہے لیکن کوئی ایسی خصوصیت جس پر بلا امتیاز ہم جیسے سبھی باشندگان مالیگاؤں متفقہ طور پر فخر کا اظہار کر سکیں بلا شبہ وہ " افزائش ناجائز قبضہ جات کی آزادی" ہے ۔ یعنی ہمیں دل چاہے اتنا آتی کرمن کرنے کی چھوٹ ملی ہوئی ہے ۔ اس میں ہما شما سبھی شامل ہیں ۔
ہم اوپن اسپیس ، امینیٹیز ، نالے اور کلکٹر کی جگہوں پر پلاٹ گرا کر بیچ سکتے ہیں ۔ راستوں پر مکانات بناکر آباد ہوسکتے ہیں ۔ روڈ کے دونوں کناروں پر اطمینان سے دھندہ کر سکتے ہیں ، بھئ حلال روزی کماکر احسان کر رہے ہیں کوئی چوری، ڈکیتی تو نہیں کر رہے ہیں ۔ روڈ پر پھیلی ہوئی ہوٹلوں کی کرسیوں پر بیٹھ کر سکون سے حالات حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوۓ چاۓ نوش کر سکتے ہیں بھلے سے راہگیروں اور سواریوں کو آمدورفت میں دقت ہو مگر مجال ہے کسی کی جو ہمیں اٹھنے کو کہے ،
" بیٹھے ہیں رہگزر پہ ہم، غیر ہمیں اٹھاۓ کیوں؟"
ایک مرتبہ کارپوریشن انتظامیہ نے آتی کرمن ہونے کی بنا پر کسی بستی کو اکھاڑنے کا فیصلہ کیا، مکینوں میں گھبراہٹ پھیل گئ ۔ ایک ادھیڑ عمر شخص اپنے کنبے کو لے کر اسوقت کے مقتدر اور بااثر لیڈر کے پاس دہائی دینے پہنچ گیا، کہنے لگا صاحب میرا باپ یہیں پلا بڑھا ، میں یہیں پیدا ہوا ، میرے سبھی بچوں کی پیدائش یہیں پر ہوئی اب انکے بچے یہاں بڑے ہو رہے ہیں اور آپ ہمیں اجاڑ رہے ہیں ، کہاں جاؤں گا میں سب کو لیکر ؟ اتنا سننا تھا کہ صاحب کا دل بھر آیا ان پر رقت طاری ہو گئی اور کانوں کو پکڑ کر کہنے لگے تم لوگ وہیں رہوگے کوئی اتی کرمن ورمن نہیں آۓ گا ۔
تو جناب ایسے خداترس ہیں ہمارے لیڈران ! صاحب نے اس شخص سے یہ نہیں پوچھا کہ تو برسوں سے مفت کی جگہ پر رہ رہا ہے اب تک تو نے اپنا ذاتی مکان کیوں نہیں بنایا ؟ اگر بنالیا ہے تو اب وہاں شفٹ ہوجا اور مفت کی جگہ چھوڑ دے ۔
حضرات ، مسلمان کی شناخت قانون شکن کی ہوتی جا رہی ہے جو اپنے مفادات کے لیے کسی بھی بندش اور نظم و ضبط کی پابندی کرنا اپنی شان کے خلاف تصور کرتا ہے ۔ دنیاوی قانون کی دھجیاں اڑاتا ہے حکومتی کارروائی ہونے پر مظلومیت کا رونا روتا ہے ۔ اسلۓ شہر سے آتی کرمن کا صفاٰیا ہونا جوۓشیر لانے سے کم نہیں !




