کھام گاؤں (واثق نوید)موجود دور میں انگریزی میڈیم کی بجائے ضلع پریشد کی اسکولوں کی جانب سرپرستوں کو راغب کرنے کے لیے اسکولوں میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ جس کے خاطر خواہ نتائج بھی برآمد ہوتے نظر آرہے ہیں ۔ اکثر سرپرستوں کا رجحان ضلع پریشد کی اسکولوں کی جانب بڑھتے دیکھائی دے رہا ہے ۔ معلوم رہے کہ دیہی علاقوں میں ضلع پریشد کی اسکول میں اسکول کی بنیادی ضروریات و سہولیات کے لئے حکومت خصوصی طور پر توجہ دے رہی ہے ۔
معیار تعلیم کے لیے قابل اساتذہ کی تقرری ، گاہے بگاہے ان اساتذہ کی تربیت ، طلباء کو دوپہر کا کھانا ، ہفتے میں ایک دن انڈے و دیگر مقوی غذا ، تمام طلباء کو مفت میں دو دو یونیفارم ، جوتے موزے ، پینے کے لئے صاف اور ٹھنڈا پانی ،مفت میں درسی کتابوں کی فراہمی ، سال میں ایک بار تمام طلباء کی مفت طبی جانچ ، دوران تعلیم حادثہ ہونے پر علاج ، و اسکولوں کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے کمپیوٹر ، پروجیکٹر ، سمارٹ ٹی وی ، اور سائنس لیب ،زباندانی اور ریاضی کے تدریس کے لیے خصوصی تعلیمی وسائل ، اسکولوں کی لائبریری کے لیے کتابوں کی فراہمی کی جارہی ہے۔
حکومت کی ان اسکیموں کی معلومات فراہم کرنے اور نئے طلباء کو اسکول میں داخل کرنے کے ضمن میں ریاست مہاراشٹر میں اسکول کی پیشگی تیاری مہم پر عمل درآمد کیا جارہا ہے ۔ اسی تعلق سے کھام گاؤں پنچایت سمیتی کے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی میں بھی 20 اپریل کو صبح 9 بجے پہلی جماعت کے متوقع طلباء اور انکے سرپرستوں کا ایک خصوصی اجلاس (قبل از داخلہ اجلاس) کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ کیندر پرمکھ بی ڈی دھرندر کی سرپرستی و صدر مدرس واثق اللہ خان کی رہنمائی میں منعقدہ اس اجلاس میں
مجموعی طور پر 7 اسٹالز لگائے گئے جس میں طلباء کی مختلف صلاحیتوں کی جانچ کی گئی۔ جس صلاحیت میں انہیں مدد کی ضرورت ہے، اگلے دو ماہ میں گھر پر اپنی والدہ یا سرپرستوں کی رہنمائی میں بہتر بنانے کے بارے میں مشورہ دیا گیا۔ اسمیں سرپرست ہی بچے کے معلم ہونگے۔اسطرح کی اسکول پیشگی تیاری کے تحت آئندہ تعلیمی سال کے لیے جماعت اول میں اس طالب علم کو داخلہ دیا جائے گا۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ کمیٹی کے عہدیداران و اراکین ، طلباء و انکے سرپرست موجود تھے ۔ اس موقع پر نئے طلباء کا پرتپاک استقبال کیا گیا ، انہیں گلدستہ ، بسکٹ ، غبارے تقسیم کئے گئے ۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں جلیل ارشد خان ، سرفراز خان ، نور جہاں میڈم ، خلیق احمد خان ، محمد ندیم ، شبانہ باجی ، ریحانہ آپا اور نرگس باجی نے خوب محنت کی ۔




