کھام گاؤں (واثق نوید) 21 اپریل کو وحدت اسلامی اکولہ یونٹ نے مقامی نگینہ مسجد، تیلی پورہ روڈ میں تمام مذاہب کے لیے ایک عظیم الشان دعوتِ شيرخرما کا اہتمام کیا،
جس میں اکولہ شہر کے سینکڑوں شہریوں نے شرکت کر کے اس پروگرام کو کامیاب بنايا۔ پروگرام کا آغاز حافظ سید فرقان کی تلاوت قرآن سے ہوا جس کا مراٹھی ترجمہ عبداللہ صدیقی نے پیشِ کیا اس کے علاوہ مزمل شارق سر نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں مراٹھی میں نعت پڑھی۔ تعارفی تقریر میں موجود معززین کو مسجد کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
اور بتایا گیا کہ یہ پروگرام مسجد میں اِس لئے منعقد کیا گیا تاکہ غیر مسلم کمیونٹی میں مسجد اور مسلمانوں کے بارے میں جو غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں ان کو دور کیا جا سکے۔
پروگرام کے کلیدی مقرر ایڈووکیٹ سہیل خان نے اپنے خطاب میں روزے، رمضان اور عید کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور قرآن کی پانچ بنیادی تعلیمات ہیں۔ پہلی تعلیم یہ ہے کہ اسلام عالمی بھائی چارے کی بات کرتا ہے، آپ نے فرمایا کہ پوری انسانیت ایک ماں باپ آدم اور حوا کی اولاد ہے، اسی لیے اسلام کسی تفریق پر یقین نہیں رکھتا۔ کوئی چھوٹا، کوئی بڑا، کوئی کالا، کوئی گورا، کوئی امیر، کوئی غریب، کوئی نچلی ذات اور کوئی اونچی ذات کا نہیں، تمام انسان برابر ہیں اور سب بھائی بھائی ہیں۔
دوسری تعلیم پر آپ نے فرمایا کہ ہمارا خدا، ہمارا پروردگار، ہمارا رب، ہمارا خالق صرف ایک ہی ہے اور اس کے سوا کسی کی عبادت نہیں کرنی چاہیے۔ تیسرے سبق پر آپ نے فرمایا کہ ہر انسان کو موت کا مزه چکھنا ہے، تو ہمارے جینے کا مقصد کیا ہے؟ ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے تاکہ ہم نجات حاصل کر سکیں اور اپنے رب کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر جنت میں جا سکیں۔ چوتھی تعلیم پر آپ نے فرمایا کہ دنیا میں جتنے بھی عظیم لوگ آئے ان کی عزت تو کی جا سکتی ہے لیکن ان کی عبادت نہیں کی جا سکتی اور آخری نبی حضرت محمد ص صرف مسلمانوں کے رسول نہیں بلکہ پوری انسانیت کے رسول ہیں۔ پانچویں تعلیم پر آپ نے فرمایا کہ ہمارے رب نے ہر دور میں رہنمائی کے لیے زمین پر بہت سے صحیفے اتارے ہیں اب آخری صحیفہ قرآن ہے جو زندگی جینے کا صحیح طریقہ بتاتا ہے اور قرآن پوری نسل انسانی کے لیے نازل ہوا ہے۔
اس لیے ہر ایک کو اس کا مطالعہ کرنا چاہیے اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنی چاہیے۔ پروگرام کا اختتام کاشف جمال خان کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔ پروگرام کے بعد آنے والے تمام معززین کو شیر خرما اور ناشتہ دیا گیا۔ سب نے شیر خرما کا مزہ لیا۔ آئے ہوئے غیر مسلم بھائیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد آکر بہت اچھا لگا، مسجد کے بارے میں معلومات حاصل ہوئی، باہمی محبت بڑھانے کے لیے ایسے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔
ایڈوکیٹ اجیت دیشمکھ نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے مسجد میں آنے کا موقع ملا، مسجدِ میں صرف وہی لوگ آتے ہیں جو خوش قسمت ہوتے ہیں۔ رخصت ہوتے وقت تمام معززین کو اسلامی کتب اور مراٹھی اور ہندی قرآن پاک پیش کیا گیا۔ وحدت اسلامی اکولہ یونٹ کے عہدیداران نے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے انتھک کوششیں کیں۔




