مالیگاؤں (پریس ریلیز) : شہر عزیز مالیگاؤں کی معروف تعلیمی و ادبی شخصیت سلیم خان ابراہیم خان المعروف سلیم شہزاد صاحب کی تعلیمی و ادبی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے _ آپ 1969 میں میونسپل اسکول بورڈ کی معرفت جاری پرائمری اسکول میں درس و تدریس سے وابستہ ہوئے _ طالب علمی کے زمانے سے ہی لکھنے پڑھنے کا شوق رہا _
تدریسی خدمات کے ساتھ آپ نے اردو زبان و ادب کے مختلف گوشوں میں کامیاب طبع آزمائی کی _ غزلیہ و تقدیسی شاعری کے ساتھ نثر نگاری میں تحقیق و تنقید کے ساتھ ناول نگاری میں بھی اپنی مخصوص شناخت قائم کی _ اردو زبان کی ساختیات، صوتیات اور قواعد سے خصوصی دلچسپی کی بنا پر کتابیں اور فرہنگ لفظیات غالب اور فرہنگ ادبیات جیسی ضخیم و مستند کتابیں قلم بند کیں _
شعبہءِ تدریس سے وابستگی اور لسانیات کے ماہر ہونے کی وجہ سے حکومت مہاراشٹر کی درسی کتب کی تیاری کا ادارہ بال بھارتی پونہ نے آپ کو مجلسِ ادارت کا ممبر منتخب کیا نیز این سی ای آر ٹی نئ دہلی نے بھی آپ کے تجربات سے استفادہ کیا _
ادبی حلقوں میں آپ کی تحقیق و تنقید کو سند و اعتبار کا درجہ حاصل ہے _ سلیم شہزاد صاحب آج بھی اپنے ذخیرہ علم سے تشنگان علم و ادب کو آن لائن اور آف لائن مستفیض فرما رہے ہیں _ آپ کی تخلیقات آج بھی ملک اور بیرون ملک کے اہم اور مستند رسائل میں پابندی سے شائع ہورہی ہیں _
عمر کے 75 سال مکمل ہونے پر آپ کی 76 ویں سالگرہ پر ریاستی سطح کا واٹس اپ گروپ اردو لرنرس گروپ مہاراشٹر کے ایڈمن خان نوید الحق صاحب اسپیشل آفیسر برائے اردو بال بھارتی پونہ کی تحریک پر مورخہ یکم جون 2024 بروز سنیچر رات ساڑھے نو بجے اسکس ہال، قدوائی روڈ پر ایک عظیم الشان تقریب جشنِ سلیم شہزاد کے عنوان سے منعقد کی جارہی ہے_
اس جشن کی صدارت شعبہءِ اردو این سی ای آر ٹی نئ دہلی کے سبکدوش پروفیسر نعمان خان صاحب (بھوپال) فرمائیں گے _
سلیم شہزاد صاحب کے فکر و فن، شاعری، ناول نگاری، تقدیسی و غزلیہ شاعری کے ساتھ تحقیق و تنقید پر ریاست مہاراشٹر کے معروف و مستند قلم کار حضرات میں شامل ڈاکٹر سید یحییٰ نشیط صاحب (چیئرمین مجلسِ ادارت اردو لسانی کمیٹی بال بھارتی)، ڈاکٹر محمد اسداللہ (ناگپور)، ڈاکٹر اشفاق انجم (مالیگاؤں) ،ڈاکٹر ناصرالدین انصار صاحب (امراوتی) ،پروفیسر (ڈاکٹر) صادقہ نواب سحر (کھپولی)، شبیر ہاشمی (مالیگاؤں) ،نورالحسنین (اورنگ آباد)، ڈاکٹر تحسین خان (بھیونڈی) اظہار خیال فرمائیں گے ۔
نیز ظہیر قدسی صاحب اور ڈاکٹر حفظ الرحمان صالح (شہروز خاور) منظوم تہنیت پیش کریں گے _
خان نوید الحق صاحب وجہ اعترافیہ کے بیان کے ساتھ اردو لرنرس گروپ مہاراشٹر کی جانب سے کیسہءِ زر پیش کریں گے _
ڈاکٹر محمد حسین مشاہد رضوی صاحب اغراض و مقاصد بیان فرمائیں گے _
جشنِ سلیم شہزاد کے اہتمام کے لیے اشفاق لعل خان سر کی صدارت میں استقبالیہ و پروگرام کمیٹی سرگرم عمل ہے _
اس جشن میں ممبئی، بھیونڈی، مراٹھواڑہ ، ودربھ ،کوکن ،سولاپور سے بیرونی مہمانوں کے ساتھ مقامی علم دوست اور ادب نواز شخصیات، ادبی انجمنوں کے ذمہ داران بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہورہے ہیں _
شہریان سے شرکت کی درخواست منتظمین نے کی ہے

