کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں شہر کی معیاری و معروف نگر پریشد اردو نمبر 4 کے طلباء نے امسال ہوئے جماعت پنجم اسکالرشپ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے اپنے اسکول کا نام روشن کیا ہے یہ ہی نہیں بلکہ ایک طالب علم نے اسکالرشپ کی میرٹ لسٹ میں مقام حاصل کرکے اسکول کے ساتھ اپنے والدین کا بھی نام روشن کیا ۔
جس کی شہر کے تعلیمی حلقوں میں خوب ستائش کی جارہی ہے ۔ ملی جانکاری کے مطابق امسال جماعت پنجم کے طلباء کے لئے منعقدہ اسکالرشپ امتحان میں نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4 کے 10 طلباء نے شرکت کی تھی ۔ جس میں 4 طلباء ، سید ثاقب اسد سید سمیر ، ام خنسہ رضوان احمد ، عالیہ پروین فیروز خان اور شبانہ فاطمیہ محمد مزمل ، نے کامیابی حاصل کی ،
جس میں سے اسکول کے ہونہار طالب علم سید ثاقب نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76.35 فیصد نمبرات حاصل کرکے اسکالرشپ کی میرٹ لسٹ میں مقام پاکر اسکالرشپ کا حقدار قرار دیا گیا ۔ انگریزی میڈیم اسکول کی طرف سرپرستوں کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے دور میں نگر پریشد کے اردو اسکول کے طلباء کی کامیابی ایک خوش آئند بات ہے ۔
