جلگاؤں:(عقیل خان بیاولی)برائٹ یوتھ فاؤنڈیشن جلگاؤں کی جانب سے جشنِ یومِ آزادی کے موقعہ پر مضمون نویسی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مقابلہ ملت پرائمری اسکول ، مہرون جلگاؤں میں لیا گیا۔
مقابلہ کے تین گروپ تھے۔ جونیر گروپ میں شہر جلگاؤں کی سبھی اردو میڈیم اسکولوں سے کلاس پانچویں تا ساتویں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جنھوں نے 'کتنا پیارا دیش ہمارا' اس عنوان پر 90 منٹ میں اپنا مضمون تحریر کیا۔ سینیر گروپ میں شہر جلگاؤں کی سبھی اردو میڈیم اسکولوں سے کلاس آٹھویں تا دسویں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جنھوں نے 'پھر ایک بار بھارت کو سونے کی چڑیا بنانا ہے' اس عنوان پر 90 منٹ میں اپنا مضمون تحریر کیا۔
اسی کے ساتھ ساتھ مدرسہ گروپ میں شہر جلگاؤں کے سبھی مدرسوں سے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جنھوں نے 'جنگِ آزادی میں مسلم رہنماؤں کا کردار' اس عنوان پر 90 منٹ میں اپنا مضمون تحریر کیا۔ برائٹ یوتھ فاؤنڈیشن کے صدر شیبان فائز نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ اردو زبان نے بھارت کی آزادی میں اپنی جگہ ایک اہم رول ادا کیا ہے اسی لیے اردو زبان کے فروغ و ارتقاء کے لیے جشنِ یومِ آزادی کے موقعہ پر یہ مضمون نویسی کا مقابلہ رکھا گیا۔
اس مقابلہ کی پوری رہنمائی شہر کے جانے مانے انگریزی کے استاد، سیاستداں اور سوشل ورکر شیخ احمد حسین نے کی اور اپنے قیمتی تجربہ سے فاؤنڈیشن کا تعاون کیا۔ اس مقابلہ میں بحیثیت بلاک سپروائزر زبیر شیخ، حذیفہ شیخ، ارباز کھاٹک، لادین شاہ، ادنان باغبان، احمد خان موجود تھے۔
اس مقابلہ کے انعامات 15 اگست 2024 کو الپ بچت بھون کلکٹر آفس کیمپس جلگاؤں میں ضلع کلکٹر آیوش پرساد سر کے دست مبارک سے دیے جائے گے۔
