بلڈھانہ میں سہ روزہ تعلیمی تربیت کامیابی سے مکمل نئی تعلیمی پالیسی کے تحت جماعتِ اول کے 103اردو اساتذہ نے حاصل کی تربیت اردو زبان کی تدریسی بقا و فروغ کی سمت عملی اور مؤثر پیش رفت
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 13, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت مہاراشٹر حکومت کی جانب سے تیار کردہ "بنیادی تعلیمی نصاب 2024" پر مبنی سہ روزہ تربیتی ورکشاپ 11 تا 13 جون 2025، بلڈھانہ شہر کی معروف نربدا ہوٹل میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ اس تربیت میں ضلع کے 13 تعلقوں سے تعلق رکھنے والے نگر پریشد، ضلع پریشد اور امدادی اردو مدارس کے 103 جماعتِ اول کے اردو اساتذہ نے شرکت کی۔ تربیت کا بنیادی مقصد اساتذہ کو نئے نصاب، اس کے تعلیمی اہداف، درسی کتابوں کے مؤثر استعمال اور سرگرمی پر مبنی تدریسی طریقوں سے روشناس کرانا تھا۔
یہ تربیت ڈائیٹ بلڈھانہ کے زیر نگرانی منعقد ہوئی، جس کی قیادت سمادھان ڈکرے سر نے کی۔ تینوں دن ڈائیٹ کی ذمہ داران کی ٹیم سنٹر پر موجود رہی، جنہوں نے تربیت کے مؤثر انعقاد، نظم و ضبط اور تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈائیٹ ٹیم نے تربیتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے تعلیمی تسہیل کاروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کیا ۔
تربیت کے دوران سات اہم تعلیمی عنوانات پر تفصیلی سیشنز ہوئے، جن میں اساتذہ نے بھرپور دلچسپی اور جوش کے ساتھ حصہ لیا۔ تربیت کی رہنمائی ضلع کے سرکردہ تعلیمی تسہیل کاروں ، واثق نوید، توصیف وہاب، رضا احمد خان، فیض الاسلام، مظہر محمود اور محمد راحیل ، نے کی۔ ان تمام نے عملی مشقوں اور تدریسی سرگرمیوں کے ذریعے شرکاء کو تربیتی مہارتوں سے آراستہ کیا۔ واضح رہے کہ جماعتِ اول کے تمام اردو اساتذہ کے لیے یہ تربیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ چنانچہ جن اساتذہ نے پہلے مرحلے میں شرکت نہیں کی، ان کے لیے تربیت کا دوسرا مرحلہ 17 تا 19 جون 2025 کو اسی مقام پر منعقد کیا جائے گا۔ ڈائیٹ بلڈھانہ کے پرنسپل ڈاکٹر جگرام بھٹکر صاحب اور دیگر افسران نے بھی تربیتی مرکز کا معائنہ کیا اور اساتذہ کے سیکھنے کے جذبے، ماحول کی خوشگواری اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔
شرکاء اور منتظمین کے مطابق یہ تربیت صرف تعلیمی بہتری تک محدود نہیں، بلکہ اردو زبان کی تدریسی بقا، فروغ اور علمی وقار کو مستحکم کرنے کی ایک سنجیدہ اور مثبت کوشش ہے۔ نئی تعلیمی پالیسی کے پس منظر میں یہ تربیت اردو تعلیم کے لیے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو گی۔