پیپل گاؤں راجہ ، تعلیمی ٹاپرز کا اعزاز اور کیریئر گائیڈنس پروگرام کا انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 12, 2025
0
share
پیپل گاؤں راجہ (واثق نوید) 10 اگست 2025 کو وہلے ہال، پیپل گاؤں راجہ میں جماعت اسلامی ہند کے زیرِ اہتمام دسویں اور بارہویں جماعت کے نمایاں کامیاب طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انعامات کی تقسیم اور کیریئر گائیڈنس پروگرام شامل تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جو مفتی عامر اللہ خان نے خوش الحانی سے پیش کی۔ اس کے بعد اشفاق صاحب نے موجودہ تعلیمی و سماجی مسائل پر ابتدائی کلمات پیش کیے۔ پروگرام کی نظامت جاوید اقبال نے انجام دی، جب کہ معروف کیریئر گائیڈر انجینئر محمد شکیل نے طلبہ کو تعلیمی مواقع، پیشہ ورانہ سمت کے انتخاب اور عملی زندگی میں کامیابی کے رہنما اصولوں پر مفید خطاب کیا۔ اس موقع پر پولیس سب انسپکٹر باروے صاحب اور محمد ذوالقر شیخ چند مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ باروے صاحب نے محنت، ایمانداری اور وقت کی پابندی کو کامیابی کا لازمی جزو قرار دیا، جبکہ محمد ذوالقر شیخ چند نے طلبہ کو حوصلہ، مثبت سوچ اور بلند عزائم کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ تقریب میں دسویں اور بارہویں جماعت کے نمایاں کامیاب طلبہ و طالبات کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ آخر میں مقامی صدر جماعت اسلامی ہند، جناب ایم ضیاء اللہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف کامیاب طلبہ کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔ تقریب میں والدین، معزز شہریوں اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور اسے ایک کامیاب اور یادگار تعلیمی تقریب قرار دیا گیا۔