ممبئی (راست) محترم اساتذہ کرام، معزز والدین، سرپرست حضرات، ماہرینِ تعلیم اور تعلیمی میدان سے وابستہ تمام افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ حکومتِ مہاراشٹر نے جماعت سوم تا دہم کے درسی نصاب اور تعلیمی کتابوں میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں ریاستی تعلیمی ادارہ SCERT Maharashtra نے اپنی سرکاری ویب سائٹ www.maa.ac.in پر مورخہ 27 جولائی تا 28 اگست 2025 کے درمیان ان تمام تبدیلیوں کی تفصیل PDF فائلز کی شکل میں عوامی مشورے کے لیے فراہم کی ہے۔
آل انڈیا ٹیچرس اسوسی ایشن (آیٹا) مہاراشٹر کے صدر جناب عتیق احمد شیخ نے تمام اساتذہ، ہیڈ ماسٹرس، والدین اور ماہرینِ تعلیم سے پرزور اپیل کی ہے کہ:
> "نصاب میں یہ تبدیلی ایک سنجیدہ تعلیمی فیصلہ ہے جس کا اثر ہماری آئندہ نسلوں پر پڑے گا۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مجوزہ نصاب کو باریک بینی سے دیکھیں، اس کا مطالعہ کریں، اور اگر کوئی علمی، تہذیبی یا لسانی سقم نظر آئے تو اس پر ویب سائٹ پر براہ راست اپنی رائے درج کریں۔"
آیٹا مہاراشٹر کے سیکریٹری جناب پٹھان شریف خان نے نشاندہی کی کہ: "آیٹا مہاراشٹر نہ صرف اساتذہ کے مسائل کے حل میں پیش پیش رہا ہے بلکہ ہمیشہ تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے بھی ایک فعال اور باوقار کردار ادا کرتا آیا ہے۔ اسی مقصد کے تحت تنظیم نے حال ہی میں ایک ECSC (ایجوکیشنل کرکلم اسٹڈی کمیٹی) تشکیل دی ہے، جو مجوزہ نصاب کی باریکیوں پر نظر رکھے گی اور اپنی سفارشات براہِ راست حکومت کو پیش کرے گی۔"یہ بات ذہن نشین رہے کہ ایک بار نصاب کو منظوری ملنے کے بعد اس میں تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔ اس لیے ہر استاد، ہر ماہرِ تعلیم، اور ہر باشعور والدین کی رائے وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
آیٹا مہاراشٹر کی گزارش:
تمام اردو میڈیم اسکول مجوزہ نصاب ڈاؤن لوڈ کر کے اس کا جائزہ لیں
اپنی اجتماعی یا انفرادی آراء آن لائن ویب سائٹ پر ضرور پیش کریں
آیئے! ہم سب مل کر تعلیم کے اس نازک موڑ پر اپنی ذمہ داری ادا کریں، اور نسلِ نو کے تعلیمی مستقبل کو بہتر، متوازن اور تہذیبی طور پر مستحکم بنائیں۔