کھام گاؤں ، شہر کے پولیس انسپکٹر رام کرشن پوار کو صدرِ جمہوریہ ایوارڈ، مسلم وفد نے کیا خیر مقدم ایماندارانہ خدمات، علاقائی ہم آہنگی اور فرض شناسی کا اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 02, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں پولیس اسٹیشن میں تعینات پولیس انسپکٹر (تھانیدار) رام کرشن پوار کو ان کی اعلیٰ خدمات، جرائم کی روک تھام، نظم و نسق کی بحالی، اور عوام کے ساتھ بہتر رابطے و شفاف کارروائیوں کے اعتراف میں صدرِ جمہوریہ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز مورخہ ۲۹ جولائی کو ممبئی کے راج بھون میں گورنر رمیش بیس کے ہاتھوں پیش کیا گیا۔ یہ اعزاز کھام گاؤں اور بلڈھانہ ضلع کے لیے فخر کا لمحہ ہے، کیونکہ انسپکٹر پوار نے اپنی خدمات کے دوران نہ صرف قانون کی بالادستی قائم رکھی بلکہ ہر طبقے کے شہریوں کے درمیان اعتماد اور انصاف کا رشتہ مضبوط کیا۔ ان کی ایماندارانہ خدمات، دنگا مخالف کارروائیوں میں قائدانہ کردار، اور عوام دوست رویہ ریاستی سطح پر قابلِ ستائش قرار پایا۔ اسی خوشی کے موقع پر یکم اگست ۲۰۲۵ کو کھام گاؤں شہر کے ایک معزز مسلم وفد نے پولیس اسٹیشن جا کر انسپکٹر رامکشن پوار کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اس قومی اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ وفد نے کہا کہ انسپکٹر پوار کی خدمات نہ صرف انتظامی سطح پر بلکہ سماجی و تہذیبی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی اہم رہی ہیں۔ وفد میں شامل افراد میں الحاج محمد ادریس جمعدار، الحاج شہرت خان، محمد انیس جمعدار، واثق نوید، محمد نعیم صاحب ، سلیم بھائی اور گڈو مرچی والا شامل تھے۔ وفد نے انسپکٹر پوار کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کے شاندار مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عوامی حلقوں نے بھی انسپکٹر پوار کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کھام گاؤں جیسے حساس شہر میں آئندہ بھی ایسی ہی فرض شناس اور انصاف پسند قیادت تعینات کی جائے گی، جو ہر طبقے کو ساتھ لے کر امن، قانون اور بھائی چارے کا ماحول قائم رکھے۔