کھام گاؤں ، (واثق نوید) سپریم کورٹ آف انڈیا نے مہانگر پالیکا، نگر پالیکا اور ضلع پریشد کے انتخابات سے متعلق ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ انتخابات صرف نئے وارڈز/پربھاگ کی تشکیل اور 27 فیصد او بی سی ریزرویشن کے مطابق ہی ہوں گے۔
اس تاریخی فیصلے کا خیرمقدم نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے ریاستی سنگھٹک سکریٹری جاوید زکریا نے کیا ہے۔
سپریم کورٹ نے لاتوڑ ضلع کی اوسا نگر پریشد سے متعلق ایک عرضداشت کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات پرانے وارڈز کی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف نئے وارڈز اور او بی سی ریزرویشن کے مطابق کرائے جائیں گے۔
اس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے جناب جاوید زکریا نے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ جاوید زکریا نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ:
"یہ فیصلہ او بی سی سماج کے حقوق کی حفاظت کرنے والا اور سماجی انصاف کو تقویت دینے والا ہے۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ وارڈ یا پربھاگ کی تشکیل ریاستی حکومت کا دائرۂ اختیار ہے، جس میں کسی بھی قسم کی مداخلت مناسب نہیں ہے۔ اس فیصلے سے او بی سی سماج کو مقامی خود مختار اداروں میں مناسب مواقع اور نمائندگی حاصل ہوگی۔
" انہوں نے مزید کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ او بی سی سماج کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے، اور سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ پارٹی کی پالیسی اور موقف کو انصاف دلانے والا ثابت ہوا ہے۔