کھام گاؤں (واثق نوید) شہر کے قدیم اور معیاری تعلیمی ادارے سیفی اردو پرائمری اسکول میں نئے تعلیمی سال 2025-26 کا آغاز 23 جون کو ریاست گیر تعلیمی مہم "شالہ پرویش مہتسو" کے تحت جوش و خروش اور بامقصد سرگرمیوں کے ساتھ کیا گیا۔
اسکول میں خصوصی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں نئے داخل ہونے والے طلباء کا استقبال گلاب کے پھولوں سے کیا گیا، جس سے ماحول خوشگوار بن گیا اور ننھے طلباء کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر گئی۔
اس موقع پر اسکول میں ماحول دوست پیغام دیتے ہوئے "ماں کے نام ایک پیڑ" مہم کا اہتمام کیا گیا، جس کے تحت طلباء کو پودے تقسیم کیے گئے اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ ان پودوں کو اپنے گھروں میں لگا کر اپنی ماں کے نام سے منسوب کریں۔
اساتذہ نے شجرکاری کی اہمیت، موسمی تغیرات اور ماحولیاتی تحفظ جیسے موضوعات پر بچوں کو سادہ اور مؤثر انداز میں آگاہ کیا۔اس پروگرام میں سیفی مینجنگ کمیٹی کے صدر اور اراکین، اسکول منیجمنٹ کے ذمے داران اور بڑی تعداد میں والدین نے شرکت کی، جس سے اس تعلیمی تقریب کو مزید وقار حاصل ہوا۔
اسکول کے صدر مدرس رضوان احمد خان کی قیادت میں اساتذہ محمد ابو سعد، شیخ عارف، محمد جنید، محمد ندیم الدین، ثقلین احمد، فرزان الحق، سجاد حسین نے بھرپور محنت و جذبے کے ساتھ پروگرام کو کامیاب بنایا۔اسکول کی عمارت کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، خوش آمدیدی بینرز، تعلیمی گیت اور دوستانہ ماحول نے طلباء کے پہلے دن کو یادگار بنا دیا۔
سیفی اردو پرائمری اسکول کا یہ قدم اس بات کی علامت ہے کہ تعلیمی ادارے صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں، بلکہ سماجی شعور اور فطری محبت کی آبیاری میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔