لوہارا ، اردو مڈل اسکول میں تعلیمی سال کا رنگا رنگ آغاز تعلیمی ریلی، شجرکاری، مفت درسی مواد کی تقسیم اور نئے طلبہ کا شاندار استقبال
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 24, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اردو مڈل اسکول لوہارا، تعلقہ بالاپور، ضلع اکولہ میں نئے تعلیمی سال کا آغاز جوش و خروش اور سرگرمیوں سے بھرپور ماحول میں ہوا۔ تعلیمی بیداری کو فروغ دینے کے لیے اسکول کی جانب سے گاؤں میں شاندار تعلیمی ریلی نکالی گئی، جس میں طلبہ نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دلکش نعرے بلند کیے۔
جماعتِ اول میں داخل ہونے والے ننھے طلبہ کا اسکول میں پھول اور میٹھائی سے پرتپاک استقبال کیا گیا، جس سے سرپرستوں میں خوشی و اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔
اسکول انتظامیہ کی جانب سے تمام طلبہ کو پہلے ہی دن مفت یونیفارم، کتابیں، جوتے اور موزے تقسیم کیے گئے، جس کی سرپرستوں نے بھرپور ستائش کی۔ شالیہ پرویش اتسو کی یہ تقریب صدر معلمہ ساجدہ بیگم غلام مصطفیٰ دیشمکھ کی زیرِ سرپرستی و قیادت منعقد ہوئی، جس میں اسکول کے تمام اساتذہ نے تعاون کرتے ہوئے تقریب کو کامیاب بنایا۔
اس پرمسرت موقع پر نائب تحصیلدار سید احسان الدین اور کیندر پرمکھ سنتوش کھنڈارے بطور مہمانانِ خصوصی شریک رہے۔
دونوں مہمانوں نے اسکول کی کارکردگی کو سراہا اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروگرام کا ایک خاص پہلو "ایک پیڑ ماں کے نام" مہم کے تحت شجرکاری کی سرگرمی رہی، جس کے ذریعے طلبہ کو ماحولیات کے تحفظ اور درختوں کی اہمیت سے روشناس کرایا گیا۔ صدر معلمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ "درخت لگانا صرف فطرت کی خدمت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے زندگی کی ضمانت ہے۔" اس موقع پر اسکول انتظامیہ کمیٹی کے عہدیداران، مقامی سرپرست اور بڑی تعداد میں والدین بھی موجود تھے۔
اسکول کی جانب سے منعقدہ اس مثالی پروگرام نے نہ صرف تعلیمی بیداری کو فروغ دیا بلکہ ماحول دوستی کا پیغام بھی عام کیا۔