دیولگھاٹ ، ضلع پریشد ہائی اسکول میں داخلہ مہم کا شاندار جشن، نئے طلبہ کا پرتپاک استقبال
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 24, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد ہائی اسکول و جونیئر کالج دیولگھاٹ میں 23 جون کو نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر "اسکول داخلہ مہم" جوش و خروش سے منائی گئی۔
اسکول میں نئے طلبہ کے استقبال کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں بینڈ باجے کے ساتھ تعلیمی ریلی نکالی گئی، اور طلبہ کو گل پوشی و مٹھائیوں سے خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر نئے داخل ہونے والے بچوں کو مفت درسی کتابیں، اسکول یونیفارم، جوتے-موزے اور بیگ تقسیم کیے گئے۔ اسکول کے صدر دروازے پر تمام طلبہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
اسکول کے صدر مدرس آر آر سید ، اسکول انتظامیہ کی صدر الکا تائی اکٹے، نائب صدر شیلش سبلوار، ماہر تعلیم امول جادھو اور دیگر اساتذہ و عملے نے نہایت محبت اور مسرت سے بچوں کا استقبال کیا۔
اس تقریب میں ضلع صحت افسر ڈاکٹر مہیش سرپاتے، معاون ضلع صحت افسر ڈاکٹر رنجیت منڈلے، پنچایت سمیتی رکن، گرام پنچایت کے افراد، آشا کارکنان، والدین، مقامی افراد اور معززین نے شرکت کی۔ تمام مہمانوں نے اسکول کے کام کاج، منصوبہ بندی اور نظم و ضبط سے متعلق مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ خصوصی طور پر ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے تحت طلبہ اور ان کے سرپرستوں کی موجودگی میں پودے لگائے گئے۔
اسکول کے احاطے میں "سیلفی پوائنٹ" تیار کیا گیا تھا، جس نے سب کی توجہ حاصل کی اور طلبہ و والدین نے یادگار تصویریں لے کر خوشی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر رنجیت منڈلے نے طلبہ کو صحت مند عادات، صفائی ستھرائی، اور تندرستی کے تعلق سے رہنمائی دی۔ صدر مدرس آر آر سید نے اپنے خطاب میں اسکول میں طلبہ کی تعداد میں اضافے، معیاری تعلیم کی فراہمی اور اساتذہ کی محنت و تعاون کو سراہا اور آگے بھی بہتر نتائج کے لیے عزم ظاہر کیا۔ اس تقریب کی نظامت انل سکھا رام کڑ، محمد سلمان، پرلاد گائیکواڑ نے کی، جب کہ اظہارِ تشکر سجاد انیس نے پیش کیا۔ اسکول کے اساتذہ و دیگر عملے کی منصوبہ بندی سے یہ پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا۔ آخر میں طلبہ کو گڑ چاول و کھیر تقسیم کی گئی، جس سے تقریب کا اختتام خوشگوار ماحول میں ہوا۔