کھام گاؤں (واثق نوید) بلڈھانہ ضلع کے کھام گاؤں تعلقہ کے گاؤں اٹالی میں واقع ضلع پریشد اردو مڈل اسکول نے نئے تعلیمی سال 2025-26 کا آغاز مثالی اور یادگار انداز میں کیا۔
23 جون کو اسکول میں داخل ہونے والے نئی جماعت اول کے ننھے طلباء و طالبات کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ نے تعلیمی حوصلہ افزائی کی روشن مثال قائم کی۔
داخلہ اتسو کے دوران نہ صرف طلباء بلکہ ان کے والدین اور سرپرستوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ گاؤں کی گلیوں میں جب معصوم بچوں کی تعلیمی ریلی نکلی تو ماحول علم و آگہی کے نعروں سے گونج اُٹھا۔ یہ ریلی صرف ایک تقریب نہیں بلکہ تعلیم کے حق میں بیداری کا عملی اظہار تھا۔
اس موقع پر طلباء میں مفت نصابی کتابیں، اسکول یونیفارم، جوتے اور موزے تقسیم کیے گئے۔ خاص بات یہ رہی کہ اسکول کے پہلے ہی دن بچوں کو زردہ (میٹھے چاول) کی لذیذ ضیافت دی گئی، جو اُن کی خوشیوں کو دوبالا کر گئی۔
تقریب میں اسکول انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران اور گاؤں کے بزرگوں نے شرکت کرتے ہوئے طلباء کو تحائف دیے اور روشن مستقبل کی دعائیں دیں۔ تمام سرگرمیاں صدر مدرس واثق اللہ خان کی قیادت و نگرانی میں انجام پائیں،
جبکہ اسکول کے اساتذہ جلیل ارشد خان، سرفراز خان، محمد ندیم، شیخ متین اور نرگس میڈم نے نئے جوش و جذبے سے نئے تعلیمی سال کا آغاز کرنے کا عزم دہرایا۔
اسکول کو رنگ برنگے غباروں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا، جس نے ماحول کو خوشگوار اور بچوں کے لیے دلکش بنا دیا۔
یہ منظر اس بات کا غماز تھا کہ سرکاری اردو اسکول بھی بہتر انتظام و جذبے کے ساتھ بچوں کو معیاری تعلیم کی جانب راغب کر سکتے ہیں۔
یہ قابلِ ستائش اقدام نہ صرف اسکول کی تعلیمی پالیسی کو اجاگر کرتا ہے بلکہ دیگر اداروں کے لیے ایک نمونہ بھی پیش کرتا ہے کہ بچوں کو اسکول سے جوڑنے کے لیے ماحول ساز، حوصلہ افزا اور محبت بھرا آغاز کتنا اہم ہوتا ہے۔