جَلگاؤں ، راشٹریہ سماج پارٹی کے قومی صدر مہادیو جانکر کا دورہ ماب لنچنگ میں جاں بحق نوجوان کے لواحقین سے ملاقات، انصاف کی یقین دہانی
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 24, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) راشٹریہ سماج پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر مہادیو جانکر اپنے جَلگاؤں ضلع کے دورے کے دوران جامنر تعلقہ کے بیتاوَد خُرد گاؤں پہنچے۔ یہاں گزشتہ دنوں 20 سالہ اقلیتی نوجوان سلیمان خان رحیم خان کی ماب لنچنگ کے واقعہ میں موت ہوگئی تھی۔
مہادیو جانکر نے مقتول کے لواحقین سے ملاقات کی اور غمزدہ خاندان کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ راشٹریہ سماج پارٹی مکمل طور پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کا بھی یقین دلایا۔ اس موقع پر راشٹریہ سماج پارٹی کے ریاستی نائب صدر ڈاکٹر توصیف شیخ، ریاستی سکریٹری سنجے کننوار، ریاستی سکریٹری نریش منڈل، مَلکاپور کے واجید خان اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ مہادیو جانکر نے کہا کہ"یہ صرف ایک خاندان کا دکھ نہیں بلکہ پورے معاشرے کا زخم ہے۔ ہم انصاف کی جدوجہد ہر سطح پر کریں گے اور ظالموں کو سزا دلانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔" ریاستی نائب صدر ڈاکٹر توصیف شیخ نے بھی اس موقع پر کہا "اقلیتوں پر ہونے والے ایسے حملے ناقابلِ برداشت ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ملزمین کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ راشٹریہ سماج پارٹی انصاف کی اس لڑائی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑی رہے گی ۔