کھام گاؤں (نمائندۂ خصوصی)کھام گاؤں اسمبلی حلقہ میں متوقع ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کی تیاریوں کو عملی شکل دینے کے لیے کانگریس پارٹی کل، بدھ 25 جون 2025 کو ایک اہم قدم اٹھانے جا رہی ہے۔
اس دن جن سیوا دفتر، نگر پریشد کمپلیکس، کھام گاؤں میں کانگریس کا نیا دفتر باقاعدہ طور پر افتتاح پذیر ہوگا، جس کے بعد ایک اہم سیاسی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔
یہ افتتاحی تقریب مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر، سابق رکنِ اسمبلی ہرشوردھن ساپکال کی رہنمائی میں اور بلڈھانہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر، سابق رکنِ اسمبلی راہول بوندرے کے دستِ مبارک سے انجام پائے گی۔
اس موقع پر کھام گاؤں اسمبلی حلقہ کے انتخابی انچارج گیانیشور دادا پاٹل بھی خصوصی طور پر موجود رہیں گے۔اس تقریب اور اجلاس کے منتظمین میں کھام گاؤں تعلقہ کانگریس کمیٹی کے صدر تیجندر سنگھ چوہان، شہر صدر سوپنل ٹھاکرے، شیگاؤں تعلقہ صدر گیانیشور شےجاڑے، شہر کانگریس کے کارگزار صدر کیشور آپا بھوسلے، اقلیتی شعبہ کے صدر محمد نوید اطہر (ببلو پٹھان)، خواتین شعبہ کی صدر سربجیت کور سلوجہ، اور این ایس یو آئی تعلقہ صدر ساحل بابو دیشمکھ شامل ہیں، جنہوں نے تمام کارکنان کو مدعو کیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے تمام موجودہ و سابق عہدیداران، ضلع پریشد و پنچایت سمیتی کے ارکان، نگر پریشد، مارکیٹ کمیٹی ، سرپنچ حضرات، گرام پنچایت ممبران اور کانگریس ہمدردوں سے وقت پر شرکت کی پُرزور اپیل کی گئی ہے، تاکہ مجوزہ انتخابات کے لیے مؤثر منصوبہ بندی ممکن بنائی جا سکے۔ کانگریس ذرائع کے مطابق یہ اجلاس پارٹی کی مقامی سطح پر تنظیمی طاقت کو مضبوط بنانے اور عوامی رابطے کو وسعت دینے کی ایک کڑی ہے، جس سے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر مثبت اثر متوقع ہے۔