اکولہ , نعیم فراز اور صدام حسین کی مشترکہ تصنیف "نیا اُفق" کی رسمِ رونمائی، ساجد خان پٹھان و دھیرج بھاؤ لنگاڑے کے ہاتھوں اجراء
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 17, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (MSCERT)، پونہ کی جانب سے طلبہ کے مطالعے کو فروغ دینے اور اسکول لائبریریوں کے لیے نصابی مواد سے منسلک معیاری کتابیں شائع کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے۔
اس مہم کے تحت اساتذۂ کرام کی تخلیقات کو جمع کر کے منتخب کیا گیا، تاکہ طلبہ کو براہِ راست اساتذہ کی رہنمائی اور تحریری ذوق سے فیض مل سکے۔
اسی سلسلے میں اکولہ ضلع کے باکمال اساتذہ نعیم فراز اور صدام حسین سر کی مشترکہ تخلیق "نیا اُفق" بھی شامل کی گئی ہے۔ یہ کتاب جماعت سوّم کے طلبہ کے لیے منتخب کی گئی ہے اور اب یہ مہاراشٹر کے 65 ہزار اسکولوں کی لائبریریوں تک پہنچ چکی ہے۔ کتاب میں کہانیاں اور نظمیں شامل ہیں جو بچوں کے اندر اردو مطالعے کی رغبت اور تخلیقی سوچ کو پروان چڑھاتی ہیں۔ کتاب کا رسمِ اجراء اکولہ کے کوہِ نور فنکشن ہال میں شاندار تقریب کے دوران انجام پایا، جہاں معزز مہمانانِ خصوصی اکولہ کے رکن اسمبلی ساجد خان پٹھان اور امراوتی گریجویٹ حلقہ کے رکن ودھان پریشد دھیرج بھاؤ لنگاڑے نے کتاب کی رونمائی کی۔ اس موقع پر اکولہ میونسپل کارپوریشن کے تعلیم افسر، اساتذۂ کرام اور مختلف تعلیمی تنظیموں کے نمائندے موجود تھے۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مہم نہ صرف طلبہ میں مطالعے کے ذوق کو بڑھائے گی بلکہ اساتذہ کو بھی اپنی تحریری صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تعلیمی ادب میں نمایاں کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گی۔